وکلاء برادری فلسطین کاز کے لئے جد وجہد جاری رکھے گی، کراچی بار

0
59

کراچی: کراچی بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب صدر نعیم قریشی نے کہا ہے کہ وکلاء برادری فلسطین کاز کے لئے جد وجہد جاری رکھے گی، کراچی بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد سے کراچی بار ایسوسی ایشن میں ملاقات کے دوران کیا۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے اراکین پر مشتمل وفد نے جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاضی احمد نورانی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے غلام مصطفی، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئر مین مطلوم اعوان قادری، چرچ آف پاکستان سے مس سیسلین جیمز اور ملک طاہر اعوان اور ایڈوکیٹ سارہ رضوی و دیگر موجود تھے۔

 فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے وفد نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت اراکین کو منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی اور گلدستہ سمیت مٹھائی بھی پیش کی۔ اس موقع پر صدر کراچی بار ایسوسی ایشن نعیم قریشی اور جنرل سیکرٹری عامر وڑائچ نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاکستا ن بار کونسل کے رکن شہاب سرکی اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی، جنرل سیکرٹری عامر وڑائچ کا کہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر میں نہ صرف فلسطین کاز بلکہ کشمیر کاز کے لئے بھرپور جدوجہد کر کے نوجوانوں میں بیداری اور مسئلہ فلسطین سے متعلق آگہی فراہم کرنے کے عمل کی جد وجہد کر رہی ہے جو کہ لائق تحسین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ہر قسم کی نا انصافی کو مسترد کیا ہے اور انصاف کا بول بالا کرنے کے لئے کسی قسم کی قربانیوں سے دریغ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل بے پناہ ظلم وستم روا رکھے ہوئے اور کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، ان حالات میں وکلاء کا فرض ہے کہ وہ اپنی سماجی اور انسانی حقوق کی پاسداری کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے دنیا میں ہونے والے ہر قسم کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں۔

ا س موقع پر کراچی بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو کراچی پریس کلب میں 29 مارچ کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز پریس کانفرنس کی دعوت بھی دی گئی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں