فیس بک کھٹی ہے

0
15

تحریر: وقاص محمود

حیران کن طور پر گزشتہ 15 سال سے فیس بک لگاتار دنیا کا مقبول ترین سوشل نیٹ ورک ہے۔ عام آدمی کا تناسب فیس بک پر شاید سب سے زیادہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب تک کوئی کانٹینٹ فیس بک پر وائرل نہیں ہو جاتا میں اسے وائرل نہیں مانتا۔ اس کا اندازہ آپ اس بات سے لگائیں کہ پاکستان میں کئی ماہ سے ٹویٹر بند ہے لیکن عام آدمی کو اس کی پرواہ نہیں ہے لیکن اگر ایک دن کے لیے فیس بک یا واٹس ایپ بند ہو جائے تو لوگوں کے کاروبار تباہ ہو کر رہ جاتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی لاتعداد کمیونیٹیز اور گروپس فیس بک اور واٹس ایپ کی مضبوط جڑیں ہیں۔

میں نے آج تک ٹویٹر پر کسی کو کچھ بیچتے نہیں دیکھا جبکہ فیس بک اور واٹس ایپ پر لوگ کپڑوں اور بچوں کے کھلونوں سے لے کر گاڑیاں تک بیچ رہے ہوتے ہیں۔ آپ بھی اپنی فیملی، پڑوس، مسلک، درسگاہ، آفس اور دیگر بنیادوں پر ان گنت گروپس میں شامل ہوں گے جنہیں آپ کبھی کبھار رات کو سونے سے پہلے دیکھ لیتے ہوں گے کہ کیا چل رہا ہے۔ تقریبآ ہر ملک میں پاکستانی کمیونٹی کے درجنوں فیس بک گروپ موجود ہیں جہاں جان پہچان اور رہنمائی سے لے کر سیاست اور کاروبار تک سب ڈسکس ہوتا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ جیسے ملکوں میں تو ہر شہر کے لیول تک آپ کو پاکستانی کمیونٹی کے گروپ مل جائیں گے۔ اگر آپ ڈرائنگ روم اور تھڑے کی سیاست میں تعلق اور اس کے درمیان فرق کو سمجھتے ہوں تو فیس بک کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ سیاست ڈرائنگ روم سے نیچے اگر تھڑے تک نہ آئے تو وہ کیا سیاست ہے۔

لیکن پھر بھی کچھ لوگ فیس بک کو غیر اہم کیوں گردانتے ہیں؟ اس کا جواب صرف یہی ہے کہ ‘انگور کھٹے ہیں’۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ چند لوگ مل کر ٹویٹر پر اجارہ داری بنا لیتے ہیں۔ آپ کو چند لاکھ روپے کے عوض پاکستان میں ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنا بنایا مل جائے گا۔ فالورز سے لے کر ریٹویٹ تک ہر چیز فار سیل ہے۔ مگر یہ چیز فیس بک پر نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب آپ کسی مارکیٹنگ کمپنی کے پاس جاتے ہیں تو وہ آپ کو ٹویٹر پر تو ہر قسم کی گارنٹی دے دیتے ہیں لیکن فیس بک پر کسی قسم کی گارنٹی دینا ان کے بس کی بات نہیں ہوتی تو وہ اسے غیر اہم بتا کر جان چھڑا لیتے ہیں۔ آپ پیسے لگا کر آسانی سے ٹویٹر پر اہم بن سکتے ہیں لیکن فیس بک پر یہ کام بہت بہت مشکل ہے۔ بظاہر یہ فیس بک کی سب سے بڑی کمزوری ہے لیکن دراصل یہی فیس بک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں