سی پیک کے منصوبوں کی بدولت پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا، قائم مقام صدر پاکستان

0
127

اسلام آباد: بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ سی پیک کے منصوبوں کی بدولت نہ صرف صوبہ بلوچستان، ملک پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا بلکہ علاقائی ترقی و خوشحالی کا سورج بھی نئی آب وتاب کے ساتھ طلوع ہوگا۔ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہونے کے ناطے ملکی ترقی، خوشحالی اور اپنے روشن مستقبل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار   قائمقام صدر پاکستان محمد صادق سنجرانی نے یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والے بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء طالبات کے وفد سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ قائمقام صدر نے صوبہ بلوچستان کے 7 اضلاع کے طلباء وطالبات کے100 رکنی وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ء ہے کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات پر مشتمل وفد ان دنوں مطالعاتی دورے پر ہے اور اس دورے کی بدولت نوجوان نسل کو اہم قومی امور اور معاملات پر آگاہی حاصل ہوگی۔قائمقام صدر نے وفد کویوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ بلوچستان کے 7 اضلاع کے طلباء وطالبات یہاں موجود ہیں جو پڑھے لکھے بلوچستان اور پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایوان بالاء میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 23 سینیٹرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی اس ملک کیلئے بہت ضروری ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک بھر سے لوگ بلوچستان آئیں گے اور یہ صوبہ سب سے آگے ہوگا۔

          محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ اور فروغ تعلیم ناگزیر ہے۔بلوچستان میں نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل تعلیم حاصل کر کے ان سے فائدہ اٹھائیں۔ قائمقام صدر نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور سی پیک منصوبہ جات سے بلوچستان کی عوام اور خاص طور پر پڑھے لکھی نوجوان نسل بھرپور استفادہ حاصل کر سکتی ہے۔ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے نوجوان نسل کواعلیٰ تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم پر توجہ مرکوز کر کے وہ نہ صرف اپنے صوبے بلکہ پورے ملک کا قیمتی اثاثہ بن سکتے ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کی موثر نمائندگی کریں گے۔صوبہ بلوچستان ملک کے آدھے حصے پر مشتمل ہے۔ آبادی کم ہے مگر ملک و صوبے کی ترقی کیلئے وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور تعلیم یافتہ نوجوان قوم کی اْمیدوں اور خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ گوادر نہ صر ف ملک بلکہ خطے کا مستقبل بھی ہے جس سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف بلوچستان کی تقد یر بدلی جا سکتی ہے بلکہ پورے ملک میں ترقی و خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں عنقریب صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی اور گوادر میں یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ وہاں کے لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں۔صوبہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں ہمیں ملازمتوں کے ساتھ ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری پر بھی زوردینا چاہیے۔ ملازمت سے ایک فرد جبکہ کاروبار سے ایک طبقہ مستفید ہوتا ہے۔ہمیں اپنے ملک اور خاص طور پر اپنے صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کرنا ہوگا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کیلئے اہم کردارادا کیا ہے اور طلباء وطالبات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کام کی آگاہی کے حوالے سے مختلف وفود کو مدعو کیا تاکہ طلباو طالبات کا حوصلہ بلند ہو سکے تاکہ وہ ملکی سیاست میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں