لاہور میں شادی کی تقریب میں فائرنگ، نامزد وزیر کا بھائی ہلاک

0
164

لاہور: شہر لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں مخالف کی فائرنگ سے بھائی ہلاک ہوگیا۔ تقریب میں شریک وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدارکے سکیورٹی عملے  نے حملہ آور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

ڈیفنس سی کے علاقے فیز 7 میں ایک فارم ہاؤس میں نامزد صوبائی وزیر ایم پی اے اسد کھوکھر کے بیٹے حسین کھوکھر کی شادی کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاری تھی۔تقریب میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی وزراء سمیت اہم سیاسی سماجی اور سرکاری شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب میں شرکت کے بعد وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار وہاں سے روانہ ہورہے تھے کہ اس دوران ایک حملہ نے وہاں فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر عرف ملک گوگا اور ایک مہمان جوہر ٹاؤن کا رہائشی 30 سالہ نوجوان عمر شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ سے وہاں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے سکیورٹی عملے نے حملہ آور کو پکڑ لیا جبکہ وزیراعلی پنجاب وہاں سے روانہ ہوگئے۔

گرفتار ملزم ناظم کا تعلق ملتان روڈ پر واقع مانووال گاؤں سے بتایا جاتا ہے۔ زرئع کے مطابق ملزم ناظم نے بیان دیا ہے کہ مقتول مبشر کھوکھر نے میرے چچا کو قتل کیا تھا۔ میں نے چچا کے قتل کا بدلہ لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے جانے کے بعد پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق وزیراعلیٰ واپسی کے لئے گاڑی میں بیٹھے ہی تھے کہ اس دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جبکہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ کی گاڑی سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھات لگائے حملہ آور گیٹ پر موجود تھے۔ تینوں بھائی اسد کھوکھر، مبشر کھوکھر اور مدثر کھوکھر، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کوگیٹ پر گاڑی تک چھوڑنے آئے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار ابھی گاڑی میں بیٹھے ہی تھی کہ ملزم نے فائرنگ کردی۔ وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو پکڑلیا۔

یاد رہے کہ واقعہ کے روز ہی اسد کھوکھر کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے ابھی حلف اٹھانا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں