سابق دبنگ سی سی پی او لاہور عمر شیخ وفات پاگئے

0
45

سابق دبنگ سی سی پی او لاہور عمر شیخ وفات پاگئے ہیں۔ انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ نیشنل ہسپتال لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔

رحیم یار خان کی تحصیل خان پور سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر عمر شیخ جب سی سی پی او لاہور بنے تو وہ اپنے بیانات کے باعث تنقید، تنازعات کا شکار اورخبروں کی زینت بنے رہے۔

ان کے دور میں لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کے ساتھ ریپ کے دلخراش واقعہ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ تین بچوں کی ماں اکیلی رات گئے اپنے گھر سے اپنی گاڑی میں نکلے تو اسے سیدھا راستہ لینا چاہیے ناں اور یہ بھی چیک کرنا چاہیے کہ گاڑی میں پیٹرول پورا ہے بھی یا نہیں۔ جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں آرمی چیف پرویز مشرف کو سری لنکا سے وطن واپسی پر ان کا طیارہ لینڈ کرنے میں رکاوٹ ڈالی اور پرویز مشرف کا طیارہ نواب شاہ ایئرپورٹ پر اترا تو اس وقت پولیس افسر عمر شیخ ان کا استقبال کرنے وہاں پہنچے۔ عمر شیخ اس وقت نواب شاہ پولیس چیف تھے۔

عمر شیخ نے محکمہ پولیس سے ریٹائرمنٹ کے بعد ‘ینگ پیٹریاٹس پارٹی’ کے نام سے اپنی سیاسی پارٹی بھی بنائی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ میں لاہور کی سطح پر دہلی کے وزیراعلیٰ کیجریوال جیسی سیاسی جماعت بنانا چاہتا ہوں۔ میری پارٹی افسر شاہی اور پولیس اصلاحات پر توجہ دے گی اور منحرف نوجوانوں کے لئے امید کی کرن ثابت ہوگی، مگر ان کی یہ پارٹی سوشل میڈیا کی حد سے آگے نہیں بڑھ سکی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں