کراچی یونین آف جرنلسٹس کی رینجرز کی جانب سے صحافی وقاص عالم پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت

0
162

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کے یو جے کے رکن روزنامہ جنگ سے وابستہ وقاص عالم کو بلدیہ ٹاون کے علاقے میں رینجرز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں۔

کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وقاص عالم اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے اپنے دفتر آرہے تھے کہ بلدیہ ٹاون کے علاقے میں رینجرز نے شاہراہ کو ڈی جی رینجرز کا قافلہ گزرنے کے لیے بند رکھا تھا۔ وقاص عالم کے مطابق وہ بے خیالی میں اس روٹ پر آگئے جس پر رینجرز اہلکاروں نے انہیں روکا اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

وقاص عالم کے مطابق انہوں نے رینجرز اہلکاروں کو اپنی شناخت بھی کرائی اور ساتھ ہی یہ وضاحت بھی دینے کی کوشش کی کہ وہ بے خیالی میں وی آئی پی روٹ پر آگئے تھے لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ بدتمیزی کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اول تو وقاص عالم کے ساتھ بطور شہری ہی اس طرح کا رویہ اختیار نہیں کیا جانا چاہیے تھا لیکن ان کے تعارف کرادینے کے بعد بھی ان کے ساتھ مزید بدتمیزی کرنا ناقابل قبول ہے۔

کے یو جے نے ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا ہے وہ اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات کرائیں اور وقاص عالم کو بطور صحافی نہ سہی ایک شہری کے طور پر ہی غیر ضروری طور پر تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں تاکہ کراچی کے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان خلا وسیع نہ ہو۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں