کے یو جے کی سانحہ پشاور پر احتجاج کے موقع پر میڈیا نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت

0
42

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے مجلس وحدت المسلمین کی احتجاجی ریلی میں میڈیا نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور ان کے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالنے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور ایم ڈبلیو ایم کی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمے دار عناصر کیخلاف سخت کارروائی کریں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر شاہد اقبال، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سانحہ پشاور پر پورا ملک شدید تکلیف میں ہے اور ہر پاکستانی کا دل غم سے چور ہے۔ جس میں صحافی برادری بھی شامل ہے میڈیا نے شدید دباؤ کے باوجود سانحہ پشاور کی رپورٹنگ کی اور سانحے کی تفصیلات سامنے لائے لیکن اس سانحے پر ہونے والے احتجاج کے موقع پر میڈیا کو ہی نشانہ بنانا ایک غلط عمل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی اس طرح کے احتجاجی پروگرامز میں میڈیا کو نشانہ بنایا گیا ہے اور آج پھر اسی روایت کو دہرایا گیا۔ بیان میں موقع پر موجود قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکاروں کے رویے کی بھی مذمت کی گئی، جن کی موجودگی میں میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کیا گیا ان سے کیمرے چھینے گئے اور موبائل میں بنائی گئی ویڈیوز زبردستی ڈیلیٹ کرائی گئیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں