پنجاب پولیس کا ایس پی 50 لاکھ روپے جعلی کرنسی استعمال کرنے پر معطل

0
48

لاہور: وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سنٹرل پولیس آفس پنجاب میں تعینات ایس پی محمد بلال قیوم کو 50 لاکھ روپے جعلی کرنسی استعمال کرنے کے ایف  آئی اے میں درج مقدمے میں ملوث ہونے پر ملازمت سے معطل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ملزم ایس پی محمد بلال قیوم نے عدالت سے عبوری ضمانت کرا لی ہے۔

3جون کو محمد عامر ظفر نامی شہری مسلم کمرشل بینک ایمپوریم مال لاہور میں 49 لاکھ 95 ہزار روپے کے جعلی نوٹ جمع کراتے پکڑا گیا۔ ایف آئی اے نے جعلی کرنسی برآمد ہونے پر ملزم محمد عامر ظفر کو گرفتارکر کے مقدمہ درج کرلیا۔ گرفتار ملزم محمد عامر ظفر نے دوران تفتیش ہوشربا انکشاف کیا کہ اسے یہ 50 لاکھ روپے جعلی کرنسی ایس پی محمد بلال قیوم نے دی ہے۔ جس کی تصدیق سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوگئی۔

ایف آئی اے حکام نے ملزم محمد عامر ظفر کے انکشافات کا اعلیٰ حکام کو بتایا۔ اعلیٰ حکام کے نوٹس کے بعد وفاق نے ایس پی محمد بلال قیوم کو معطل کر دیا ہے اور محکمانہ کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس پی محمد بلال قیوم نے ملزم محمد عامر ظفر کو 50 لاکھ روپے کے جعلی کرنسی نوٹ دے کر اس سے کار خریدی تھی۔ ایس پی محمد بلال قیوم سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں تعینات تھے اور وہ ماضی میں ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن ڈویژن لاہور بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء متعلقہ عدالت کے حکم پر ایف آئی اے ٹیم نے ملزم ایس پی محمد بلال قیوم کو حراست میں لیا، تو ایس پی محمد بلال قیوم نے لاہور ہائی کورٹ کے بہاولپور بینچ سےضمانت قبل از گرفتاری کے احکامات دکھا دئیے۔ جس پر ایف آئی اے نے ایس پی محمد بلال قیوم کو چھوڑ دیا تھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں