جیو نیوز کے سینئر پروڈیوسر زبیر انجم کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے، کے یو جے

0
42

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جیو نیوز کے سینئر پرڈویوسر زبیر انجم کو نامعلوم سادہ لباس اہلکاروں کی جانب سے گھر سے ساتھ لے جانے کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں صحافیوں کے اس طرح اغوا اور پھر لاپتہ کردینے کے واقعات کا نوٹس لیں اور زبیر انجم کو فوری طور پر بازیاب کراکر گھر پہنچانے کا حکم دیں۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز ملک کا صف اول کا میڈیا ہاوس ہے اور زبیر انجم جیو نیوز میں سینئر پروڈیوسر کے طور پر اپنے صحافتی فرائض انجام دے رہے ہیں ان کا ماضی گواہ ہے کہ وہ کبھی کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہے لیکن پیر اور منگل کی درمیانی شب سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم مسلح افراد رات گئے ماڈل کالونی میں واقع زبیر انجم کے گھر میں داخل ہوئے اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے زبیر انجم کے بھائی کے مطابق سادہ لباس اہلکاروں نے زبیر انجم کے گھر والوں کو زدوکوب بھی کیا اور جاتے ہوئے زبیر انجم کا موبائل فون اور پڑوس میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے ڈی وی آر بھی ہمراہ لے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر پہلے ہی غیراعلانیہ سنسر شپ عائد ہے ایسے میں صحافیوں کا گھروں سے اغوا ایک بدترین صورتحال ہے ملک کی عدالتوں کا اس کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

بیان میں چیف جسٹس آف پاکستان سمیت، چیف آف آرمی اسٹاف، وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں اور زبیر انجم کی بحفاظت گھر واپسی کو یقینی بنائیں بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو کراچی یونین آف جرنلسٹس اس واقعے پر اپنا شدید ردعمل دے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں