بلوچستان میں ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت، پہلے ایس او پیز بنایا جائیگا

0
106

کوئٹہ: بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں اور ضلعی انتظامیہ کے مابین مذاکرات کامیاب ایس او پیز کے ساتھ ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے دی گئی۔ گزشتہ روز بلوچستان کے ٹرانسپورٹروں نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون میں ٹرانسپورٹ نہ چلانے کے خلاف صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جبل نور‘ لک پاس اور کولپور کے مقام پر احتجاجاً قومی شاہرائیں بلاک کردیں۔ تفتان بس یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالمالک کے مطابق ٹرانسپورٹروں نے صوبہ میں ٹرانسپورٹ کے شعبہ کی بندش کے خلاف احتجاجاً قومی شاہرائیں بلاک کردی تھی۔ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر لاک ڈائون میں ٹرانسپورٹرز نان شبینہ کے محتاج ہو گئے جس کی وجہ سے مجبوراً ہمیں احتجاج کا راستہ اپنانا پڑا۔

 بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز لاوارث نہیں اجتماعی مسائل کے حل کے لئے ہم متحد ہیں حکومتی احکامات پر ہم نے لبیک کہتے ہوئے لاک ڈائون کیا اور ٹرانسپورٹ کو بند کئے رکھا۔ گزشتہ تین ماہ سے ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث ٹرانسپورٹز قرضوں میں ڈوب گئے ہیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹروں سے مذاکرات کئے اور مطالبات حکام بالا تک پہنچانے کی مہلت مانگی۔ جس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے اعلیٰ حکام کیساتھ معاملہ اٹھانے کے بعد دوبارہ ٹرانسپورٹروں سے مذاکرات کئے اور یقین دہانی کرائی کہ آج وہ ٹرانسپورٹروں کے ایس او پیز مرتب کریں گے۔ جس کے بعد ان ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے بعد ہی ٹرانسپورٹ کا شعبہ بحال کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں