خیبر میل میں دوران سفر سفری سہولیات سے محرومی، سکھر ڈویژن کا افسران مسافروں کو درپیش مسائل و مشکلات پر پولیس گردی کا سہارا

0
73

کراچی: پاکستان ریلوے کراچی سکھر ڈویژن کے افسران نے دوران سفر سفری سہولیات سے محرومی اور مسافروں کو درپیش مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کی بجائے پولیس گردی کا سہارا لے لیا ہے۔

کراچی سے اپر کلاس کی خراب بوگیوں کے ساتھ ٹرینیں روانہ کرکے ذمہ داری دوسرے ڈویزن کے سر ڈال دینے کی روش اپنا کر مسافروں کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔ 30 مئی کو کراچی سے پشاور کے لئے روانہ کی جانے والی ون اپ خیبرمیل ایکسپریس کو اپر کلاس کی خراب بوگیوں کے ساتھ روانہ کیا گیا بوگیوں کے اے سی خراب ہونے کی وجہ سے مسافروں کو گرمی میں تکالیف کا سامنا کرناپڑا۔

کراچی کینٹ اسٹیشن پر گاڑی روانگی سے قبل مسافروں نے ڈی ایس کراچی کاشف رشید یوسفانی ڈی ایس کمرشل اسحق بلوچ دیگر افسران کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن ریلوے کراچی کے افسران نے مسافروں کی شکایت کا ازالہ کرنے کی بجائے طاقت کے بل بوتے پر ٹرین کو کراچی سے روانہ کردیا۔

دوران سفر اپر کلاس کی بند بوگیوں میں شدید گرمی سے پریشان بچوں خواتین بزرگوں کی حالت غیر ہونے پر مسافروں نے ریلوے حیدرآباد روہڑی کے علاوہ ریلوے کے اعلی حکام کو پرسنل میسیج کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی اور ٹرین کے ساتھ کنڈکٹر گارڈ و انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی لیکن مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ریلوے انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی جبکہ کنڈکٹر گارڈ نے لاگ بک میں شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔

ریلوے کے ملازمین کا کہنا تھاکہ اپر کلاس بوگیوں کی خرابی سے بالا افسران کو آگاہ کیے جانے کے باوجود ٹرین کو کراچی سے روانہ کردینے کا حکم دیا جاتا ہے اور کاغذی کارروائی میں سب اوکے کی رپورٹ لکھنے کا حکم دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ون اپ خیبرمیل کی اپر کلاس بوگیوں میں کولنگ سسٹم کی خرابی دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر مسافروں نے شدید احتجاج اور حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جس کے باوجود ریلوے حکام ڈھٹائی پر قائم رہے اور مسافروں کے ساتھ پولیس گردی کرکے انہیں خاموش رہنے پر مجبورکیا گیا۔ 30 اپریل کو کراچی سے روانہ ہونے والی ون اپ خیبرمیل کے اپر کلاس مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے چئیرمین ریلوے سے معاملے کا نوٹس لینے اور غفلت و لاپرواہی کے مرتکب ریلوے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں