پاک فوج کا ٹھٹھہ میں ٹینٹ ولیج قائم، مختلف واقعات میں 13 افراد جاں بحق، آئی ایس پی آر

0
41

اسلام آباد: پاک فوج نے ٹھٹھہ میں 60 خاندانوں کے لیے ٹینٹ ولیج قائم کردیا ہے جب کہ قمبر شہداد کوٹ میں 600 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ میں ہلکی بارشیں ہوئی ہیں، موہنجو داڑو میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ سانگھڑ، لاڑکانہ اور خیرپور میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں 13 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیرپور میں متاثرین کو پاک فوج کے جوانوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا، ننگرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، سانگھڑ، جامشورو، میرپورخاص اور دادو میں فارورڈ بیسز فعال ہیں جب کہ ٹنڈوالہٰ یار میں 3 اضافی فارورڈ بیسز قائم کر دیئے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے تحت مٹیاری میں موبائل میڈیکل ٹیمیں طبی امداد فراہم کر رہی ہیں، کوٹ ڈیجی میں پاک فوج کی ٹیمیں ڈی واٹرنگ آپریشنز اور متاثرین میں راشن تقسیم کر رہی ہیں، دادو کے سیلاب متاثرین میں تیار کھانا اورامدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے، سانگھڑ میں فیلڈ میڈیکل سنٹر قائم کردیا گیا ہے جہاں 136 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے تحت قمبر شہداد کوٹ متاثرین کی منتقلی کیلئے ریسکیو آپریشن کیا گیا، ٹھٹھہ میں بھی ڈی واٹرنگ کی گئی، متاثرین میں راشن تقسیم کیا گیا، بدین کی تحصیل ماتلی میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں متاثرین میں راشن و دیگر امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں