کے یو جے کا سما نیوز سے وابستہ 3 صحافیوں کے وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر تشویش کا اظہار

0
45

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سما نیوز سے وابستہ 3 صحافیوں کے مقامی عدالت سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے اجرا پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ وارنٹ گرفتاری واپس لیتے ہوئے تینوں صحافیوں کو اپنا موقف عدالت میں پیش کرنے کا موقع دیا جائے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی کی جانب سے مقامی عدالت میں دائر نجی استغاثہ پر عدالت نے سما ٹی وی کے مالکان سمیت ڈائریکٹر نیوز فرحان ملک، نیوز اینکر کرن ناز اور رپورٹر سنجے سادھوانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں اور ایس ایس پی جنوبی کو انہیں گرفتار کرکے 2 فروری کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بظاہر سعید غنی نے قانون کا راستہ اختیار کیا ہے لیکن حقیقت میں یہ آزادی صحافت پر حملے کے مترادف ہے، سعید غنی اس سے پہلے بھی دو مختلف چینلز کے خلاف نجی استغاثہ دائر کرچکے ہیں جس کے بعد اب وہ اسے صحافیوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رپورٹر سنجے سادھوانی اپنی خبر پر قائم ہیں اور ان کے پاس اپنی خبر سے متعلق تمام دستاویزی شواہد بھی موجود ہیں، جو وہ عدالت میں پیش کریں گے لیکن اس کے لیے انہیں موقع ملنا چاہیے۔

بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ پیپلز پارٹی جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اس کے ایک صوبائی وزیر کا صحافیوں کے خلاف مقدمات دائر کرنا پیپلز پارٹی کے منشور کے خلاف ہے۔

بیان میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی کو پیشکش کی گئی ہے کہ کے یو جے اس معاملے میں مصالحت کار کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جس سے دونوں فریق مطمئن ہوسکیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں