وزیر اعظم سے اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کی اسلام آباد میں ملاقات

0
77

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور کونسل ممبران کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

وزیر  برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی ملاقات میں موجود تھے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کےممبران میں ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی، مولانا نسیم علی شاہ، سید محمد حبیب عرفانی، سید زین اللہ شاہ بخاری، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مفتی محمد زبیر، پیرزادہ جنید امین، مولانا حامد الحق حقانی، محمد حسن حسیب الرحمان اور ابوالحسن محمد شاہ، مولانا محمد حنیف جالندھری، جسٹس (ر) محمد رضا خان، محمد شفیق خان، جسٹس (ر) منظور حسین گیلانی، علامہ سید افتخار حسین نقوی، جاوید عامر عثمان اور پروفیسر  ڈاکٹر فرخندہ منصور صاحبہ شامل۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی شریک تھے۔

وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا کردار پاکستان کو ریاست مدینہ کے خطوط پر استوار کرنے میں اہمیت کا حامل ہے۔ ریاست مدینہ کے دو سنہرے اصول جن میں انصاف اورعوامی فلاح شامل ہیں، ہماری ترقی کا ضامن بن سکتے ہیں۔ مغرب نے انہی اصولوں کو اپنا کر ترقی کی۔ وہاں کوئی قانون سے بالاتر نہیں اور انصاف کا بول بالا ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے بارے میں پہلے کسی لیڈر نے نہیں سوچا۔ میں نے سیاست صرف اسی لیے شروع کی کہ ریاست مدینہ کے اصولوں کو لاگو کر کے غریب کی خدمت کر سکوں۔ میں نے مغرب کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور اسی نتیجے پر پہنچا ہوں کہ اسلام کے رہنما اصولوں اور سنت نبوئ ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان فلاحی اور ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے۔ مغربی اقدار ہم سے مختلف ہیں اور ہماری نوجوان نسل کو اس ضمن میں رہنمائی درکار ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل نوجوان نسل کی اصلاح میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اسلام نے ہی کمزور طبقے کو طاقتور بنایا، خواتین کو حقوق مہیا کیے۔ اسلام کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی انصاف کا نظام رائج ہو سکتا ہے اور ہم کرپشن سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ ریاست مدینہ کے نظام تک کا سفر ایک جہد مسلسل ہے جس میں معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی رہنماؤں کا کردار اہم ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے چیرمین اور ممبران نے تحفظ ناموس رسالت ﷺ ، اسلاموفوبیا کے بارے بیانیئے، کشمیر اور فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑنے پر وزیر اعظم عمران خان کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں