گوادر میں چائنیز ٹرالر کو شکار کا پرمٹ جاری کرنے کے خلاف احتجاج

0
363

گوادر: چائنیز ٹرالرز کو شکار کا پرمٹ جاری کرنے اور ضلع گوادر کے سمندری حدود کی خلاف ورزی کے خلاف نیشنل پارٹی اور بی ایس او (پجار) گوادر کے زیر اہمتام گوادر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکریٹری حاجی فدا حسین دشتی، ضلعی صدر فیض نگوری، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادربخش، ضلعی جنرل سیکریٹری حاجی یوسف، تحصیل صدر ناگمان بلوچ، نیشنل پارٹی کے رہنماء سابقہ چیئرمین میونسپل کمیٹی جیونی منظور قادربخش، بی ایس او (پجار) کے زونل صدر خداداد، سینئر سیاسی رہنماؤں سابقہ چیئرمین بلدیہ گوادر عابد رحیم سہرابی، حسین واڈیلہ، گوادر اور سر بندن کے ماہی گیر رہنماؤں خداداد واجو، کہدہ حمید عصاء، حاجی انور، غفور ساجد اور اورماڑہ کے ماہی گیر رہنماء محمد نور نے کہاکہ ضلع گوادر کا زر خیز سمندری خطہ پہلے سے ہی سندھ کے ٹرالروں کے رحم و کرم پر تھا اب سونے پہ سہاگہ کےصداق غیر ملکی ٹرالرز کو بھی ضلع گوادر کے سمندری حدود میں شکار کی اجازت دیکر اورماڑہ سے لیکر جیونی تک کے ماہی گیروں کو اضطراب میں مبتلا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بلوچستان کا ساحل سلیکڈڈ صوبائی حکومت کی طرف سے برائے فروخت تھا اب وفاقی حکومت اس گنگا میں اشنان کرنے نکلی ہے، وفاقی وزیر سمندری امور کا چائنیز ٹرالرز کی ملکی حدود میں موجودگی سے لاعلمی ایسا ہے جیسے کبوتر باز کو دیکھکر اپنی آنکھیں بند کرتی ہے، چائنیز ٹرالرز کی یلغار کے گواہ یہاں کے ماہی گیر خود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تعمیر کے لئے مقامی ماہی گیروں نے اپنی زرخیز شکار گاہوں کی قربانی پیش کی ہے لیکن گوادر پورٹ کی تکمیل اور سی پیک کے آنے کے بعد ماہی گیروں کے دن آج تک نہیں بدلے اور ماہی گیر آئے روز سمندر چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہیں چائنیز ٹرالرز کی آمد نے ماہی گیروں اور سیاسی قیادت کے خدشات کو درست ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کسی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں ہے بلکہ اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتی ہے، سیاسی قیادت اور ماہی گیر برادری سمندر سے بے دخل کرنے کے منصوبے کے خلاف متحد ہوکر جدو جہد کریں اور وقتی مراعات کو پس پشت ڈالکر اجتماعیت کو دوام دیں جس طرح قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرکے حکومت کو عوام دشمن  باڑ کو رول بیک کرانے پر مجبور کیا گیا اسی طرح غیر ملکی ٹرالرز کی سمندر میں موجودگی کے ماہی گیر دشمن  پالیسی کے خلاف اسی جذبہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماہی گیر اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں نیشنل پارٹی اور بی ایس او کی قیادت ان کے لئے ہر اول دستہ کا کردار اداکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں چائنیز ٹرالرز کی موجودگی پر اپنے گمراہ کن بیانیہ کو بند کردیں سلیکڈڈ حکومت نے ہر شعبہ کو پریشان کر رکھا ہے، ماہی گیروں کے روزگار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی بجائے ساحل کا غیر ملکی ٹرالرز کے ساتھ سودا قطعا منظور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی مشیر فشریز ٹرالرز مافیا کا آلہ کار بن گئے ہیں جس کی وجہ سے وزارت فشریز ٹرالرز کی سہولت کار بن گئی ہے اس کو عہدہ سے فوری طورپر ہٹایا جائے اور چائینز ٹرالرز کو جاری پرمٹ اور شکار سے منع کرکے واپس اپنے ملک بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سلیکڈڈ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اپنا فیصلہ واپس نہیں لیا تو نیشنل پارٹی اور بی ایس او کی قیادت ماہی گیروں کے ساتھ ملکر اپنا آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی۔ نیشنل اور بی ایس او کے احتجاجی مظاہرے میں اورماڑہ، سربندن اور گوادر کے ماہی گیر تنظیموں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بھی بڑی تعداد شریک تھی جس میں  ماہی گیر اتحاد گوادر، پاکستان فشرمین پوک فورم، انجمن اتحاد ماہی گیر کولگری وارڈ، گوادر عوامی ماہی گیر اتحاد اور انجمن اتحاد ماہگیران سربندن شامل تھے۔ مظاہرہ کے نظامت کے فرائض نیشنل پارٹی تحصیل گوادر کے جنرل سیکریٹری ولید مجید نے اداکئے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں