شہر کراچی کیلئے جائیداد کی قیمتوں میں پچیس فیصد تک کا اضافہ

0
301

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کیلئے جائیداد کی قیمتوں میں 25 فیصد تک اضافہ کر دیا جبکہ 11 کیٹگریز برقرار رکھی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی کیلئے جائیداد کی ویلیو ایشن میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کیلئے جائیدادکی قیمتوں میں 25 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کراچی کیلئے 11 کیٹگریز برقرار رکھی گئی ہیں، کیٹگری اے۔ون میں رہائشی جائیداد کی قیمتوں میں 12.5 فیصد اور کمرشل جائیداد کی قیمتوں میں 20 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری اے ون میں اوپن رہائشی پلاٹ کی فی مربع گز قیمت میں 8125 روپے، رہائشی بلڈاپ پراپرٹی کی فی مربع گز قیمت میں 9ہزار روپے کا اضافہ کیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا تھا کہ کیٹگری اے ون میں کمرشل اوپن پلاٹ کی فی مربع گز قیمت 30 ہزار روپے، کمرشل بلڈ اپ پراپرٹی کی فی مربع گز قیمت 11250 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح کیٹگری اے ون میں رہائشی اوپن پلاٹ کی فی مربع گز قیمت 73125 روپے، رہائشی بلڈاپ پراپرٹی کی فی مربع گز قیمت 81 ہزار روپے مقرر کی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق رہائشی اوپن پلاٹ کی فی مربع گز قیمت ایک لاکھ 80 ہزار روپے ، کیٹگری اے ون میں کمرشل بلڈ اپ کی فی مربع گز قیمت 101250 روپے اور فلیٹس، اپارٹمنٹس کی فی مربع گز قیمت 7313 روپے مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے ملک بھر کے 38 بڑے شہروں کیلئے جائیداد کی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس میں جائیدادوں کی قیمتوں میں اوسطاً 10 سے 15 فیصد کا اضافہ کیا گیا جبکہ کچھ شہروں میں جائیداد کی قیمت میں 100 فیصد تک کا اضافہ بھی کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں