بلوچستان کے نوجوان آگے آئیں خود اعتمادی سے قیادت سنبھالیں، کور کمانڈر

0
94

کوئٹہ: کمانڈر کوئٹہ کور لیفٹیننٹ جنرل سر فراز علی نے بلوچستان یوتھ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب میں نوجوان نسل کو قوم کی امید اور اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں خود اعتمادی کے ساتھ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دی۔

تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے کور کمانڈر نے خصوصی خطاب کیا اور نوجوانوں کو شکست خوردہ اور منفی سوچ سے خود کو دور رکھنے کی تلقین کی اور خود اعتمادی اور فیصلہ سازی جیسے اوصاف اپنی شخصیت میں پیدا کرنے پر زور دیا کیونکہ کہ بلوچستان اور پاکستان کا مستقبل اب ان کے ہاتھ میں ہے۔

کور کمانڈر نے کہا کہ کامیابی کا راز نوجوانوں کی خود اعتمادی میں پنہاں ہے۔ بلوچستان کے نوجوان زبردست معاشرتی اور سیاسی شعور کے حامل ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ تعمیری سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں اور بلوچستان اور پاکستان کی خدمت کریں۔

صوبے کے سیاسی مسائل کا حل بھی باشعور افراد خود وضع کریں اور حکمت عملی کے تحت مل کر آگے بڑھیں۔ سب کو چاہیے کہ وہ ریاست کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ بلوچستان میں دیر پا امن و امان اور خوشحالی کو ثبات ملے۔

کور کمانڈر نے نوجوانوں کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے اور ان کو امید کی کرن اور بلوچستان کے تابناک مستقبل کی دلیل قرار دیا۔

بلوچستان یوتھ ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کوئٹہ میں کیا گیا کہ جس میں بلوچستان کے تمام اضلاع سے نوجوانوں نے حصہ لیا۔

ورکشاپ کے کے شرکاء سے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن اور ڈاکٹر علی حمزہ نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نوجوانوں کو دنیا بھر میں تیزی سے بدلتے حالات کے تناظر میں بلوچستان کی اہمیت اور اس کی مطلوبہ ترقی میں کے نوجوانوں کے کلیدی کردار سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے آپ کو پہچانیں اور علم و عمل کی طاقت سے اپنی منزل کو پائیں۔

نوجوانوں نے سول سیکریٹریٹ اور کوئٹہ کینٹ کا دورہ بھی کیا اور وزیر کھیل عبد الخالق ہزارہ سے ملاقات کی۔

ورکشاپ کے اختتام پر کورکمانڈر، وزیر کھیل اور چیف سیکریٹری نے شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔

نوجوانوں کی زبردست گرمجوشی میں اس ورکشاپ کو بلوچستان کے تمام اضلاع میں منعقد کرائے جانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا جسے پزیرائی کے ساتھ منظور کر لیا گیا جو کہ بہت خوش آئند بات ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں