اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیلات عام کرنے کا حکم

0
81

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت وفاق کی جانب سے ہائی کورٹ میں کیس ملتوی کرنے کا استدعا کی گئی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی نے کہا کہ نئی حکومت آئی ہے ان سے ہدایت لینی ہے، عدالت سے استدعا ہے کیس ایک ماہ کیلئےملتوی کیا جائے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ توشہ خانہ کا حساب دینا ہوگا، عوام کی دلچسپی کا کیس ہے، اپیل فائل کرنے سے کیس ختم نہیں ہوگا، قانون سے بالا تر کوئی نہیں۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ توشہ خانہ گفت فروخت کر دیئے گئے ہیں، جس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے کہا 20 فیصد ادا کرکے گفٹ فروخت کرنا عجیب ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اٹارنی جنرل مستعفی ہوگئے ہیں، وقت دیاجائے، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ دیکھیں پالیسی واضح ہے اس کو کابینہ کے سامنے اٹھایاجائے، جو کچھ توشہ خانہ سے لیا گیا وہ سب کچھ آئندہ سماعت پر بتانا ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن نے نئی حکومت کیساتھ معاملہ اٹھایا ہے، جس پر جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ہم باہر جاتے ہیں تو واپسی پر پوچھا جاتا ہے کیا سیکھا؟ انصاف ہر کسی کے ساتھ ہونا چاہیے، یہ پبلک انٹرسٹ کا کیس ہے بتایا جائے توشہ خانہ سے کیا ملا؟۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کابینہ ڈویژن سے ہدایات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جو چیزیں گھر لے گئے وہ واپس لیں چاہے 20 سال پرانا معاملہ کیوں نہ ہو، ہم اس معاملے کو متنازع نہیں بنا رہے، تحائف صرف وزیر اعظم نہیں سب سے واپس لانا چاہیے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ میں کہا کہ ایک حد تک پیسے دیکر تحفہ رکھ لینا کوئی بات نہیں، پالیسی بنائیں جو تحفہ آئے گا وہ خزانے میں جمع ہو۔

جسٹس میاں گل حسن کا کہنا تھا کہ تحائف صرف ملتے نہیں بیرون ملک لوگوں کو دیئے بھی جاتے ہیں، بیرون ملک جانیوالے تحائف قومی خزانے سے خریدے جاتے ہیں اور باہر سے آئے سب تحائف بھی نمائش کیلئے رکھے جانے چاہئیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ مجھے تازہ ہدایات لینے کیلئے وقت چاہیے، جس پر عدالت نے کہا آپ ہدایات لیں مگر تب تک انفارمیشن کمیشن کے حکم پر عمل کریں، انفارمیشن کمیشن نے کہا تحائف کی معلومات شہری کو دیں تو دیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ملنے والے تحائف کی تفصیل عام کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ڈپٹی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرلی اور کہا آپ بیرون ممالک جائیں تو پاکستانی تحائف میوزیم میں لگے نظر آئیں گے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کردی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں