خواہش ہے گھروں میں بیٹھی تعلیم یافتہ خواتین آئی ٹی کے ذریعے باعزت روزگار کمائیں، امین الحق

0
37

اسلام آباد: وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے تعاون سے بنوں میں ملک کا 20 واں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کردیا گیا۔ ٹیکنالوجی پارک کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ جس میں عثمان ناصر ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، ڈاکٹر خیرالزماں، وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی اور ڈاکٹر صاحبزادہ علی محمد، ایم ڈی خیبرپختونخواہ آئی ٹی بورڈ نے دستخط کیئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق اور وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان تھے جبکہ دیگر شرکاء میں  وفاقی سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر ہاؤسز میں بیٹھا ایک آئی ٹی ہنر مند 25 ہزار ڈالر سالانہ کماتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ 80 ہزار کے قریب آئی ٹی ہنر مند اس وقت کام کررہے ہیں۔اگر سافٹ ویئر ہاوسز ایمرجنگ ٹیکنالوجیز ( Emerging Technologies) کی سروسز کی جانب آئیں تو یہ آمدنی فی کس 35 سے 40 ہزار ڈالرز تک پہنچ سکتی ہے۔ اس وقت پاکستان سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (SECP) کے پاس 12 ہزار آئی ٹی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں اگر غیر رجسٹرڈ کمپنیاں بھی شامل کریں تو یہ تعداد 16 سے 18 ہزار فعال کمپنیوں تک پہنچ جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کی طرح وہاں کے نوجوان بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں کام کررہے۔

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ 2019 میں 12 کی تعداد سے شروع ہونے والے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس (STPs) کی تعداد دسمبر 2021 تک تعداد 29 جبکہ 2023 تک 70 کردی جائے گی جس سے نہ صرف لاکھوں افراد کو روزگار میسر آئے گا بلکہ ملک کو ریونیو اور برآمدی ترسیلات کی صورت میں اربوں ڈالرز ملیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے اگنائٹ (IGNITE) کے ڈی جی اسکلز پروگرامز میں کوئی بھی نوجوان یا خواتین شامل ہوکر فری لانسنگ کی ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد آئی ٹٰی سروسز کے باعزت کام سے منسلک ہوسکتے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ خاص طور پر وہ خواتین جو تعلیمبیافتہ ہیں لیکن شادی کے بعد یا گھریلو معاملات کی بنا پر گھروں سے باہر ملازمت نہیں کرسکتیں۔ میں ایسی خواتین سے کہوں گا کہ وہ ڈی نجی اسکلز پروگرامز میں شامل ہوکر بنیادی تربیت حاصل کریں جس سے گھر بیٹھے وہ آئی ٹی مصنوعات اور سروسز کی فراہمی کیلئے آن لائن لاکھوں روپے ماہانہ کما سکتی ہیں۔

اپنے خطاب میں خیبرپختونخواہ کے وزیر سائنس و آئی ٹی عاطف خان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے وفاقی وزارت آئی ٹی کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ کے پی کے حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے وفاقی وزارت آئی ٹی کے ساتھ مل کر کام کی خواہشمند ہے صوبائی کابینہ نے صوبے میں تمام غیر استعمال شدہ عمارات کو آئی ٹی شعبے کیلئے وقف کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں