وزیر اعظم سعودی عرب کے قرضے کی واپسی کی وجوہات عوام کے سامنے رکھیں، بلاول بھٹو

0
50

 کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے سعودی عرب کے تین ارب ڈالر کے آسان قرضے کی واپسی کی وجوہات عوام کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ المیہ یہ ہے کہ سعودی ارب کو تین ارب ڈالر کا قرضہ واپس کرنے کے لئے عمران خان نے چین سے کمرشل قرضہ لیا۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کبھی قرض نہ لینے کا اعلان کرنے والے عمران خان پوری دنیا میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب! بے شک آپ کو چندے مانگنے کا وسیع تجربہ ہے مگر چندوں پر ملک نہیں چلتے، عمران خان کی حکومت کی انہی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی، پونے دولاکھ روپے قرضے کے بوجھ تلے دبا ہر پاکستانی عمران خان کی نااہلی کی قیمت ادا کررہا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ قرضہ لے کر اگر یونہی کرپشن میں اڑایا جاتا رہے گا تو عام آدمی مہنگائی کی چکی میں اسی طرح پِستا رہے گا، عمران خان بنی گالا کے محل سے باہر نکلیں تو انہیں علم ہو کہ عام آدمی عید کی تیاری کیلئے بھی معاشی لحاظ سے پریشان ہے۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر انسان عمران خان کی تبدیلی کے سونامی کی ایک خوف ناک قیمت ادا کررہا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ حکومت میں اتنی بھی سکت نہیں کہ گردشی قرضوں کے بحران کی وجہ سے چینی حکومت کو سی پیک کے اربوں روپے کے واجبات ادا کرسکے، ایم ایل ون ریلوے ٹریک کیلئے چھ ارب ڈالر کے فنڈز جاری کرنے میں چینی حکومت کی ہچکچاہٹ دراصل پی ٹی آئی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیاں پی ٹی آئی حکومت پر اپنے عدم اعتماد سے چینی حکومت کو بھی آگاہ کرچکی ہیں اور یہی وہ حالات ہیں کہ غیر ملکی سرمایہ دار اور حکومتیں عمران خان کی نااہل حکومت کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری سے جھجک رہی ہیں-

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں