افغانستان میں نگران سیٹ اپ کے اعلان پر ردعمل دینا قبل از وقت ہوگا، چوہدری فواد حسین

0
31

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بی بی سی ورلڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں نگران سیٹ اپ کے اعلان پر ردعمل دینا قبل از وقت ہوگا۔ میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ سی آئی اے کے سربراہ کابل میں تھے۔ میڈیا کی رپورٹس سے ہی پتہ چلا کہ ترکی اور قطر کی انٹیلی جنس کے سربراہان بھی کابل میں موجود تھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم وزیر خارجہ کو کابل بھیجتے تو وہ وہاں کس سے ملاقات کرتے؟وہاں کوئی وزیر خارجہ موجود نہیں ہے۔ باضابطہ حکومت کی عدم موجودگی میں ایک ایسے فریم ورک کی ضرورت ہوتی ہے جہاں دونوں ممالک درپیش مسائل پر بات کر سکیں۔ کابل میں باضابطہ حکومت کی عدم موجودگی میں انٹیلی جنس ادارے ایسے فریم ورک تشکیل دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ ہماری بات چیت ہوتی رہی ہے اور پاکستان نے طالبان کے امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں سہولت فراہم کی۔ افغانستان میں غیر ملکی شہریوں کو انخلاء میں پاکستان نے مدد فراہم کی اور ہم نے افغانستان میں پھنسے ہزاروں لوگوں کو نکالا۔ افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کی ہماری کوششوں کو دنیا نے سراہا ہے۔ 2007 اور 2011 میں ہم جو کہہ رہے تھے وہ صحیح ثابت ہوا۔ اگر اس وقت ہماری بات مان لی جاتی تو آج افغانستان میں صورتحال مختلف ہوتی۔ افغان جنگ میں ہمیں 80 ہزار جانوں کا نقصان اٹھانا پڑا، ہمارا 150 ارب کا معاشی نقصان ہوا اور بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا نے ایک ویڈیو گیم میں لڑائی کو دکھا کر یہ ظاہر کیا کہ پنج شیر حملوں میں پاکستان نے کارروائی کی۔ بھارتی میڈیا کے تمام ٹاک شوز میں یہ کہانی بنائی گئی اس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت میں مارکیٹنگ ایجنسیاں کس طرح کام کرتی ہیں۔ بدقسمتی سے بھارت کے ایسے گھناﺅنے اقدامات کی وجہ سے عام آدمی ایسے پروپیگنڈے سے متاثر ہوتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں