شہدائے 8اگست کے ارواح آج بھی انصاف کے منتظر ہیں، اسفندیارولی خان

0
23

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ شہدائے 8 اگست کے ارواح آج بھی انصاف کے منتظر ہیں، شہداء کی امین جماعت ہونے کے ناطے امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم کوئٹہ سمیت ہر شہید کے وارث ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔

سانحہ 8 اگست کی پانچویں برسی پر جاری پیغام میں اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کیلئے لڑی جانے والی اس جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائینگی۔ کوئٹہ میں وکلاء کی ایک پوری نسل کو آج ہی کے دن شہید کیا گیا جو تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں شہادت سے عدلیہ سے منسلک اہم ستون کو زبردست نقصان پہنچایا گیا۔ شہادتوں اور قربانیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، وکلاء اور سیاسی کارکن آج بھی میدان میں کھڑے ہیں۔

اے این پی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مرکزی و صوبائی حکومت کی جانب سے شہداء کے لواحقین کے اطمینان کیلئے مناسب اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ دہشتگرد آج بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن حکومت اور ذمہ داران کو خبر تک نہیں۔جب تک نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد نہیں کیا جاتا، دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں۔ اسفندیارولی خان نے کہا کہ باچا خان بابا کی سوچ اور فکر پر عمل پیرا ہو کر تمام انسانیت کی فلاح کی بات کرتے ہیں۔ اے این پی کی رائے ہے کہ امن کے قیام کیلئے باچا خان بابا کی سوچ و فکر کی ساری دنیا کو ضرورت ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں