کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں

0
250

سری نگر: کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

اس دن کو منانے کا مقصد 2019 ء میں اس دن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کیے گئے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

سری نگر میں شام آٹھ سے ساڑھے 8 بجے تک بلیک آؤٹ کیاجائے گا جوکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کے تحت اس دن سے شروع ہونے والے عشرہ مزاحمت کاحصہ ہوگا، آج لال چوک کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا اور سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے، میرپور میں جموں کشمیر ورکرز پارٹی شام پانچ بجے ویو پوائنٹ پارک سے ریلی نکالے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ آج حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ سارے پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا، یہ وہ دن ہے جب دو سال پہلے مودی حکومت نے کشمیریوں کو خصوصی حیثیت دینے والی آئینی شقوں 370 اور 35 اے ختم کر کے ظلم ڈھائے، آج صبح 9 بجے ایک منٹ کے لئے ٹریفک بند ہوگی اور خاموشی اختیار کی جائے گی۔

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اس دن کی مناسبت سے خصوصی اشاعت و نشریات کا اہتمام کیا جائے گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

ٰصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم استحصال پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اگرچہ اپنی تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہے ہیں لیکن ان کا عزم اور حوصلہ بلند ہے اور وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ آزمائش، ظلم اور جبر کی یہ سیاہ رات جلد صبح آزادی میں بدلے گی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرنا ہے جن کے ذریعے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں