پاکستان پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، مرتضی وہاب

0
57

کراچی: وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ میں صحافیوں کے تحفظ کے قوانین بنانے میں پہل کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے لیکن ایسے خصوصی قوانین کی کوئی ضرورت ہی نہ پڑے اگر ملک میں آئین اور قانون پر اس کی روح کے مطابق عمل کرلیا جائے۔

وہ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر کراچی یونین آف جرنلسٹس، پاکستان پریس فاونڈیشن اور کراچی پریس کلب کے زیراہتمام پریس کلب میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج صحافیوں کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کی بھی زباں بندی کی جارہی ہے، انہیں بھی اظہار رائے سے روکا جارہا ہے اگر ہر ادارہ اپنا کام کرے اور ملک قانون اور آئین کے مطابق چلے تو خصوصی قوانین بنانے کی ضرورت ہی نہ پڑے لیکن کسی بھی قانون پر عملدرآمد اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک عوام ساتھ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے جائز مطالبات پر ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھِی دیں گے پی پی ایف کے اویس اسلم نے کہا کہ پاکستان میں صحافی محفوظ نہیں ہیں صحافیوں کے تحفظ کا قانون بن چکا ہے اب اس قانون کے تحت کمیشن قائم کیا جائے تاکہ صحافیوں کو اس قانون کا فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو تنقید برداشت کرنی چاہیے لیکن عملا ایسا نہیں ہوتا سوشل میڈیا پر صحافیوں کو دھمکیاں دی جارہی تھیں، اس حوالے سے بھی موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔

سینئر صحافی مظہر عباس نے کہا کہ جس ملک میں صحافت خطرے میں ہو اس ملک میں صحافی کیسے محفوظ ہوسکتا ہے صحافتی اداروں کو صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے کہا کہ آج دنیا بھر میں صحافیوں کیخلاف جرائم کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے لیکن پاکستان ان 12 ممالک میں شامل ہے جہاں صحافیوں پر حملوں کے ملزمان آزاد ہیں۔ صحافیوں پر حملوں، تشدد اور انہیں اغوا کرکے ہراساں کیے جانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اس کی وجہ ملزمان کو سزاوں کا خوف نہ ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صحافیوں کے تحفظ کے قانون بن چکا ہے اور ہم اس کے تحت وارث رضا اور علی عمران سمیت دیگر صحافیوں کیخلاف ہونے والے جرائم کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی چاہتے ہیں۔

سیمینار سے پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سی پی این ای کے رہنما جبار خٹک، ایپنک کے مرکزی چیئرمین عرفان علی، پائلر کے رہنما کرامت علی اور پروفیسر توصیف احمد نے بھی خطاب کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں