خیبر یونین آف جرنلسٹس کا عمران خان کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ رویے پر اظہار تشویش

0
36

پشاور: خیبر یونین آف جرنلسٹس نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پشاور کے صحافیوں کے ساتھ نامناسب رویہ اپنانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر ناصر حسین، سنیئر نائب صدر عمران ایاز، نائب صدر بصیر قلندر، جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، سیکرٹری فنانس شاہ زیب، جوائنٹ سیکرٹری ارشاد میدانی اور ایگزیکٹو کونسل ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ عمران خان نے جب بھی وزیر اعظم کی حیثیت سے خیبر پختونخوا کا دورہ کیا تو وہ صحافیوں کی آڑ میں اسلام آباد سے مخصوص افراد کو لاتے اور اپنی مرضی کے سوالوں کا جواب دیتے، جس سے پہلے ہی ان کے آزاد میڈیا کے دعوے کی قلعی کھل چکی ہے، اب جب وہ وزیراعظم نہیں رہے تو انہیں اپنے رویہ میں تبدیلی لانی چاہیئے۔

یونین کے قائدین نے کہا کہ چند دنوں سے پی ٹی آئی رہنماﺅں نے صحافیوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ اپنا رکھا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعلی ہاﺅس میں سینئیر صحافی عارف یوسفزئی کے سوال پر عمران خان کا رویہ قابل افسوس ہے جبکہ ایک اور رہنماء کی طرف سے سنیئر صحافی طارق آفاق کو سنگین دھمکی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تحریک انصاف کو برسراقتدار لانے میں میڈیا کو کریڈٹ تو دیتے ہیں لیکن وفاق میں ان کی ہی حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ملک بھر میں ہزاروں صحافی اور میڈیا ورکرز کو بیروزگاری کا سامنا کرنا پڑا، اور کئی گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔

کے ایچ یو جے نے واضح کیا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ صحافت کے لبادے میں کالی بھیڑوں کو بھی اپنی صفوں سے نکال باہر کیا جائے گا۔

صدر ناصر حسین نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے رویہ پر نظرثانی نہ کی تو جلد صحافیوں کے گرینڈ اجلاس میں لائحہ عمل کا تعین کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں