ملتان سلطانز پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا چیمپئن بن گیا

0
36

ابوظہبی: صہیب مقصود اور رائیلی روسو کی برق رفتار نصف سنچریوں کی بدولت ملتان سلطانز پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا چیمپئن بن گیا ہے۔فاتح ٹیم نے لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے دی۔

 65 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر صہیب مقصودکو پلیئر آف دی فائنل اور ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔  ٹورنامنٹ میں 20 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر رہے۔محمد رضوان ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر رہے۔

207 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔ عمران طاہر نے 3 جبکہ مزاربانی اور عمران خان سینئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی کے ابتدائی تین بلے باز 58 کے مجموعے (کامران اکمل 36، حضرت اللہ ززائی 6 اور جوناتھن ویلز 6 رنز) پر پویلین واپس لوٹے تو شعیب ملک نے رومان پاؤل کے ہمراہ عمدہ پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی۔ تاہم 66 رنز کی اس شراکت داری کا خاتمہ مزرابانی نے کیا۔ انہوں نے رومان پاؤل کو 23 رنز پر آؤٹ کردیا۔

ساتھی پارٹنر کے آؤٹ ہوتے ہی شعیب ملک بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 48 رنز بناکر چلتے بنے۔

اننگز کے 17ویں اوور میں عمران طاہر نےتین کھلاڑیوں، شرفین ردر فورڈ( 18)، وہاب ریاض (0) اور محمد عمران (0)، کو آؤٹ کر کے ملتان سلطانز کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔اگلے ہی اوور عمران خان سینئر نے عماد بٹ کو بھی آؤٹ کردیا۔ ثمین گل7 اور محمد عرفان بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کے عمران طاہر نے 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عمران خان سینئر اور مزاربانی نے 2،2  جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کرنے والے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے 68 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔شان مسعود  6  چوکوں کی مدد  سے 37 اور محمد رضوان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 83 رنز پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پرصہیب مقصود اور رائیلی روسو نےحریف باؤلرز کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئےمیدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔  تیسری وکٹ کے لیے 98 رنز کی اس شاندار شراکت داری نے  ملتان سلطانز کے اسکور کو تیزی سے 200 کے قریب پہنچادیا۔ رائیلی روسو نے صرف 21 گیندوں 50 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں  3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

اگلی ہی گیند پر جانسن چارلس بھی آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں صہیب مقصود کا ساتھ دینے کے لیے خوشدل شاہ کریز پر پہنچے۔ انہوں نے 5 گیندوں پر 15 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ملتان سلطانز کا مجموعہ 200 کے پار پہنچا دیا۔ صہیب مقصود 35 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے ثمین گل اور محمد عمران نے بالترتیب 26 اور 47 رنز کے عوض 2،2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایوارڈز:

فاتح ٹیم: ملتان سلطانز
رنرزاپ ٹیم: پشاور زلمی
پلیئر آف دافائنل : صہیب مقصود(65 رنز ناٹ آؤٹ )
پلیئر آف ایچ بی ایل پی ایس ایل 6: صہیب مقصود(428 رنز)
بہترین بیٹسمین: صہیب مقصود (428 رنز)
بہترین بولر: شاہنواز دھانی(20 وکٹیں)
بہترین فیلڈر:افتخار احمد (9 کیچز)
بہترین ایمرجنگ کرکٹر: شاہنواز دھانی (20 وکٹیں)
بہترین وکٹ کیپر: محمد رضوان(19 شکار)

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں