گیس مل نہیں رہی اس کے باوجود بلز زیادہ کیوں آرہے ہیں؟

0
90

تحریر: رضوان عامر

گیس مل نہیں رہی اس کے باوجود بلز زیادہ کیوں آرہے ہیں؟ کیا سوئی سدرن کے الیکٹرک کے نقش قدم پر چل پڑی ہے؟۔ ملک بھر کے گیس صارفین کے ساتھ اس واردات کے پیچھے حکومتوں کی نااہلی، گیس سیکٹر کا سینکڑوں ارب کا گردشی قرضہ اور آئی ایم ایف کی شرائط ہیں۔

واردات ڈالی کس طرح کی گئی ہے اس کے لئے یہ پڑھئیے۔

گیس بلز میں میٹر رینٹ بغیر کسی اعلان کے 40 روپے سے بڑھا کر 500 روپے وصولی شروع ہوگئی ہے۔ یو جی پی کے نام پر اضافی بلنگ کرکے عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ میٹر رینٹ بڑھانے کے ساتھ کمپنی متواتر یو پی جی کی مد میں بھی صارفین سے اضافی رقوم وصول کررہی ہے، مجموعی صارفین کی تعداد شامل کی جائے تو اس مد میں بھی ماہانہ کروڑوں روپے اضافی وصول کیئے جارہے ہیں۔

فی صارف 137 روپے وصول کیے جارہے ہیں، ہر دوسرے صارف کے بل میں یو پی جی چارجز شامل ہیں۔ کمپنی پالیسی کے مطابق خراب یا درست ریڈنگ نہ کرنے والے میٹروں کی تنصیب کمپنی کی ذمہ داری ہے تاہم میٹر درست نہ ہونے پر بھی۔صارفین سے ایک سال کے واجبات وصول کیے جاتے ہیں اور نئے میٹر کی تنصیب کے چارجز بھی صارف کو ادا کرنا پڑتے ہیں۔

اس بارے میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے تحت گھریلو گیس صارفین کو پروٹیکٹڈ اور ان پروٹیکٹڈ دو کٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

نومبر سے فروری (موسم  سرما) کے دوران 90 کیوبک میٹرز گیس استعمال کرنے والے صارفین کو پروٹیکٹڈ اور اسی عرصہ میں 90 کیوبک میٹرز سے زائد گیس استعمال کرنے والے صارفین ان پروٹیکٹڈ ہیں۔

اوگرا کے نوٹیفکیشن کے تحت پروٹیکٹڈ صارفین کو فکسڈ 50 روپے جبکہ ان پروٹیکٹڈ صارفین کو 460 روپے فکسڈ چارجز ادا کرنا ہونگے۔

نومبر تا فروری کسی ایک مہینے میں بھی گیس کا استعمال 90 کیوبک میٹرز سے بڑھنے پر ان پروٹیکٹڈ تصور کیا جائے گا۔ گیس پر سیلز ٹیکس کی شرح بھی 15 فیصد سے بڑھاکر 18 فیصد کردی گئی ہے جو آئی ایم ایف کی ایک شرط تھی۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر گردشی قرضہ عوام کے اوپر لادنے کیلئے گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔

ترجمان کے مطابق اوگرا کی جانب سے گیس کی قیمت میں کیے گئے اضافے کا جنوری اور فروری کے مہینوں کا فرق مارچ سے مئی تک کے بلوں میں اقساط کی شکل میں وصول کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں