پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ دیرینہ، گہرے، برادرانہ مراسم ہیں، وزیر خارجہ

0
25

ترکی: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی میں جاری انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر ہفتہ کو ملائشیا کے اپنے ہم منصب حشام الدین حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ دیرینہ، گہرے، برادرانہ مراسم ہیں۔

پاکستان، ملائشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، دفاعی، تعلیمی، ٹیکنالوجی کے تبادلے سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے کورونا کی وبائی صورتحال کے نتیجے میں سامنے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان اقوام متحدہ، او آئی سی، آسیان سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔وزیر خارجہ نے ملائشین ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اوربھارت کے یکطرفہ اقدام کے باعث خطے کے امن کو درپیش خطرات اور ملائشین ہم منصب کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف، پاکستان کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اسلاموفوبیا کے خلاف، او آئی سی، اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز پر مل کر آواز اٹھانے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں