میڈیا ہائوسز، تنظیموں اور صحافی برادری کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

0
89

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وزارت اطلاعات میں اپنے دفتر آمد پر سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد سمیت وزارت کے دیگر اعلی افسران نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات کو وزارت کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔ میڈیا ہائوسز، تنظیموں اور صحافی برادری کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ پیکا آرڈیننس 2016ء پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔ ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کو فعال بنایا جائے گا۔ ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ملکی ترقی اور حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے وزارت اطلاعات کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ڈرامہ، فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی، اے پی پی سمیت وزارت کے تمام اہم اداروں پر اس وقت ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں عوام کو درست معلومات کی فراہمی کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وزارت اطلاعات کے عوام کو مستند معلومات اور خبروں کی فراہمی میں اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ امید ہے وزارت اطلاعات کے تمام ادارے عوامی مفاد کے پیش نظر اپنے پیشہ ورانہ امور کو بہتر انداز میں انجام دیں گے۔ وزارت اطلاعات اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی، ایم ڈی اے پی پی سمیت وزارت کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں