وزیراعلیٰ سندھ سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس کی ملاقات، انڈس ڈیلٹا کی بحالی پر اتفاق

0
123

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کی بحالی اشد ضروری ہے۔ یہ بات انھوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس سے میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مسٹر جولین ہارنیس سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے سندھ میں سربراہ ڈاکٹر آفتاب بھٹی اور اقوام متحدہ کے سندھ کوآرڈینیٹر عمران لغاری، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی نے شرکت کی۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر “دی لونگ انڈس انیشی ایٹو” پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پروگرام کے تحت تجویز کردہ 26 نکات پر کام شروع کیا جائے گا جس میں نئے اور موجودہ محفوظ علاقوں کی پائیدار ترقی (بشمول صفر کاربن پروٹیکٹڈ ایریاز)، سندھو دریا میں زمینی، آبی اور پرندوں کیلئے حیاتیاتی تنوع کو بحال کرنا، آب و ہوا کی بہتر ی کیلئے انڈس ڈیلٹا میں مربوط ساحلی زون کا انتظام، گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ سیلابی اقدامات کیلئے جغرافیائی رسائی کا پھیلاؤ، سیلابی ریلے پر قابو پانے اور زمینی پانی کو ری چارج کرنے کیلئے ماحولیاتی نظام پر مبنی موافقت کے طریقوں اور گرین انفراسٹرکچر پر عمل درآمد، مربوط واٹرشیڈ مینجمنٹ کے ذریعے انڈس واٹرشیڈ کے تحفظ کیلئے اقدامات، کھارے پانی کے انتظامات میں بہتری، دریائے سندھ کے ساتھ شہروں میں جنگلات قائم کرنا، انڈس ڈیلٹا میں مینگرووز کے ماحولیاتی نظام کی حفاظت، بحالی اور توسیع اور کمیونٹیز میں اضافہ، موسمیاتی تبدیلی کیلئے سماجی و کاروباری پروگراموں کی سہولت، کم پانی والے علاقوں میں پائیدار زراعت کیلئے بنیادی ڈھانچے کے ذریعے مزید پانی دستیاب کرنا، سمندری ماہی گیری کے پائیدار تحفظ کیلئے گورننس کو بہتر بنانا، دریائے سندھ کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے قانونی اور ادارہ جاتی میکانزم تیار کرنا، سندھو دریا کیلئے مواصلاتی اور آگاہی پروگرام منعقد کرنا وغیرہ شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پروگرام کے تحت دریائے سندھ کے قدرتی ماحول اور ایکوسسٹم کی بحالی کرنی ہے، ہم چاہتے ہیں دریائے سندھ کو ضروری اقدامات سے ماحولیاتی اعتبار سے بہتر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کی بحالی بھی ضروری ہے ان سے آبی حیات کی ترویج ہوگی۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے کوآرڈنیٹر مسٹر جولین نے کہا کہ صنعتی فضلہ بغیر ٹریٹ کئے دریا میں بہانا تباہ کن ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دریائے سندھ کی بحالی کیلئے اس کے پانی کو پینے والے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔مسٹر جولین نے مزید کہا کہ دریا کی بحالی کیلئے شروع سے لے کر انڈس ڈیلٹا تک کام کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انھوں نے وزیراعظم سے پرسوں سندھ کے دورے کے دوران دریا کی بحالی اور سمندری مداخلت کے حوالے سے بات کی تھی۔ ملاقات میں پروگرام سے متعلق اقدامات کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں