منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے، وزیر اعظم

0
74

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، تعمیرات و ترقی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت فرخ حبیب، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، ڈاکٹر شہباز گل، چیرمین نیا پاکستان ہاوسنگ و ڈیولپمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور سینئیر افسران شریک تھے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر ہاوسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ اور چیف سیکریٹری پنجاب بھی شریک تھے۔

اجلاس کو راولپنڈی لئی بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے سے راولپنڈی نالہ لئی کے دونوں اطراف ایکسپریس وے کی تعمیر، نالہ لئی کی صفائی اور اطراف میں بزنس ڈسٹرکٹ کی تعمیر شامل ہیں۔ اس منصوبے کی بدولت سیلابی صورتحال سے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت چلایا جائے گا جس میں حکومت صرف اراضی فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کے تحت مجوزہ بزنس ڈسٹرکٹ سے کثیر معاشی فوائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اجلاس کو منصوبے کے لیے درکار قانونی ترامیم، انتظامی ڈھانچے اور ٹائم لائنز کے بارے بھی آگاہ کیا گیا۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے اجلاس کو گجرانوالہ ڈیویلپمنٹ پلان پر بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا کہ گجرانوالہ کے لیے مالی سال 22-2021 صوبائی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام میں 40 منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن میں زراعت، صنعت، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ماحولیاتی تحفظ، پینے کا پانی اور سیوریج شامل ہیں۔

وزیر اعظم نے دونوں منصوبوں کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔ منصوبہ بندی کو موثر بنانے کے لئے پرائیوٹ سیکٹر کے ماہرین سے رائے لی جائے۔ منصوبوں سے بہترین معاشی فوائد حاصل کرنے کے لیے متبادل پلان بنائے جائیں اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کو ترجیح دی جائے۔ منصوبوں سے متعلق اہداف کو مقررہ اور طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں