میراج طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

0
38

کراچی: میراج جہازوں کی پاک فضائیہ میں 50 سالہ شمولیت، نمبر 22 آپریشنل کنورژن یونٹ اور نمبر 27 سکواڈرن کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر کلر ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عارف علوی اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا، ”میں اپنے پیش رووں کے ویژن کا معترف ہوں جنہوں نے اس جہاز کو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنے کے لیے  اس کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا ”1971 کی جنگ ہو، دو عشروں پر محیط دہشت گردی کے خلاف جنگ یا پھر حالیہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ، اس تمام عرصے میں میراج جہاز نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور لوہا منوایا ہے۔ میراج آپریٹرز کو میں مبارکباد  پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس جہاز کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے عسکری تقاضوں کے عین مطابق فضا سے فضا، فضا سے سمندر اور فضا سے زمین پر مختلف آپریشنز نہایت کامیابی سے سرانجام دئیے۔“

اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی صدر مملکت جناب عارف علوی نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں ائیر مارشل نور خان اور ائیر مارشل اصغر خان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا، ”ایک اچھی فضائیہ کے لیے بہترین پیشہ ور اور ایماندار لیڈر شپ کی ضرورت ہوتی ہے اور اس سلسلے میں قائد کے لیڈرشپ کے وژن پر عملدرآمد نہایت ضروری ہے۔“ 

پاک فضائیہ کو سراہتے ہوئے صدرمملکت نے کہا، ”27  فروری 2019 میں آپ کے کارنامے پر میرا سر فخر سے بلند ہوگیا۔ یہ انتہائی قابل تعریف کارنامہ ہے، آپ قسمت کے دھنی ہیں جنہوں نے دشمن کے جدید جہازوں کا مقابلہ انتہائی جوانمردی اور بےمثال طریقے سے کیا۔ ہمیں خودساختہ دشمنوں کے خلاف، دفاع کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔“ صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی بہترین خطوط پر پاک فضائیہ کی رہنمائی کرنے پر تعریف بھی کی۔

تقریب کے دوران میراج جہازوں کے پرشکوہ فلائی پاسٹ کامظاہرہ بھی کیا گیا جسے تقریب میں موجود پاک فضائیہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کی کثیر تعداد نے دیکھا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں