سرکاری افسر کی لڑکی سے زیادتی کیس کا ڈراپ سین

0
143

اسلام آباد: لڑکی عدالت میں مکر گئی۔ یہ سرکاری افسر میرا ملزم نہیں اور کہا کہ پولیس نے میرا ذبردستی میڈیکل کرایاہے۔ افسران نے مقدمہ درج کرنے اورسرکاری افسر گرفتار کرنے والےایس ایچ او کو راتوں رات تبدیل کردیاہے۔

ڈویژن کے سیکشن آفیسر کو گرفتارکرنے پر کھلبلی مچ گئی۔ اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں سرکاری ہاسٹل کے کمرے میں سرکاری آفیسر کی طرف سے 20 سالہ لڑکی ہما یوسف کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ مقدمے میں گرفتار  اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر ملزم رانا سہیل کو آج جمعرات، 15 جولائی 2021ء سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ شوکت رحمان خان کی عدالت میں پیش کیا گیا تو مدعیہ مقدمہ ہما یوسف نے عدالت کو بتایا کہ یہ تو میرا ملزم ہی نہیں ہے۔ مدعیہ نے عدالت کو یہ بھی بتایاکہ میں اپنا میڈیکل بھی نہیں کرانا چاہتی تھی، مگر پولیس نے زبردستی میرا میڈیکل کروایا۔جس پر عدالت نے اس ڈاکٹر کو بھی بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کرلیا،جس کے سامنے مدعیہ نے میڈیکل کرانے سے انکار کیا تھا۔ عدالت نےتفتیشی افیسر سے کہا کہ اگر یہ اصل ملزم نہیں ہے،توپھر آپ کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیاکہ ملزم رانا سہیل کا میڈیکل کرواکر اسے دوبارہ عدالت میں پیش کرے۔ جس پر پولیس ملزم کو پمز ہسپتال لے گئی۔جہاں ملزم سرکاری افسر کامیڈیکل کرایاگیا اورملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیاگیا۔ عدالت نے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے ملزم کو جمعہ کے روز میڈیکل رپورٹ سمیت دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تھانہ شہزاد ٹاؤن نے ریپ کا یہ مقدمہ درج کرکے اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر کو گرفتار کیا تو کھلبلی مچ گئی تھی۔ اسی دباؤ میں آکر  پولیس حکام نے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او سب انسپکٹر تراب الحسن کو فوری تبدیل کر دیا اور ان کی جگہ ایس پی انویسٹی گیشن برانچ سے سب انسپکٹر محمد عظیم کو ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن تعینات کر دیا گیا ہے۔

جب مدعیہ مقدمہ ہمایوسف سے موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو اس کا بھی یہی کہنا تھاکہ پولیس نے جو ملزم گرفتار کیا ہے وہ اصل ملزم نہیں ہے۔ میرا اصل ملزم سی ایس پی آفیسر ہے۔ مدعیہ کا کہنا تھا کہ پولیس مجھے دھمکیاں دے رہی ہے۔ میں شدید خوف میں مبتلا ہوں۔ اس لئے اس کیس کے حوالے سے مزید کچھ نہیں بتا سکتی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں