برطانوی اشاعتی ادارے کی سی ای او خوفناک کشتی حادثے میں ہلاک

0
80

کراچی: برطانوی اشاعتی ادارے ‘بلومزبری’ کی سی ای او اٹلی میں خوفناک کشتی حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 45 سالہ امریکی خاتون ایڈرین وان اٹلی کے املفی کوسٹ پر اپنے شوہر اور 2 بچوں کے ساتھ کرائے کی اسپیڈ بوٹ پر سمندر میں موجود تھیں کہ ان کی کشتی ایک بڑی کشتی سے ٹکرا گئی جس میں تقریباً 80 سیاح سوار تھے۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد ایڈرین وان پانی میں جا گریں اور کشتی کے بلیڈز لگنے سے وہ بری طرح زخمی ہوگئیں، انہیں پانی سے زندہ حالت میں باہر نکال لیا گیا تاہم طبی عملے کے موقع پر پہنچنے سے پہلے ان کی موت ہوگئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ایڈرین وان کے شوہر مائیک وائٹ کا اس حادثے میں کندھا ٹوٹ گیا جبکہ ان کے بازو پر بھی چوٹیں آئیں۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کے دونوں بچے جن کی عمریں 8 اور 12 سال ہیں وہ حادثے میں زخمی نہیں ہوئے تاہم یہ سب کچھ دیکھنے کے باعث بچے شدید صدمے میں ہیں۔

پبلشنگ ہاؤس نے ایک بیان میں ایڈرین وان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ 3 سال قبل بلومزبری امریکا کی صدر مقرر ہوئی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپیڈ بوٹ کے کشتی سے ٹکرانے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے تاہم اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں اسپیڈ بوٹ کے 30 سالہ کپتان کی کمر اور پسلیاں ٹوٹ گئیں اور اس کی ابتدائی رپورٹس میں اس کے جسم میں شراب کی مقدار حد سے زیادہ سامنے آئی ہے جبکہ منشیات کے حوالے سے اس کے مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں