سندھ میں تلور کے شکار پر قتل کا معاملہ، سخت تناؤ کے باوجود وزارت خارجی امور کا ہجرتی آبی پرندوں کے شکار کے لئے عرب شیخوں کو پرمٹ جاری

0
116

کراچی: سندھ میں تلور کے شکار کے معاملے پر ہونے والے قتل کے بعد پھیلے سخت تناؤ کے باوجود وزارت خارجی امور نے سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں ہجرتی آبی پرندوں کے شکار کے لئے 39 عرب شیخوں کو پرمٹ جاری کردیئے۔

شکاری عرب شیخوں میں قطر کے 18، بحرین کے7، یو اے ای کے11 اور سعودی عرب کے 3 بادشاہ، شاہی خاندان کے افراد اور اعلیٰ ملٹری افسران شامل ہیں۔ عرب ممالک کے شاہی خاندان کے افراد یکم نومبر سے 31 جنوری تک شکار کریں گے۔

صوبائی حکومتوں اور حکام کو ہدایات جاری کر دی گئیں اور متعلقہ ممالک کے سفارتخانوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔

محکمہ والڈ لائف کی طرف سے متعلقہ اضلاع کو انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو بھی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے خط لکھ دیئے گئے۔

سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی عرب شیوخ کی طرف سے ہجرتی آبی پرندوں اور تلور کے شکار پر برہم ہیں۔

یو اے ای کے صدر اور شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 11 افراد کو شکار کے پرمٹ جاری کئے گئے ہیں۔ متحدہ عرب عمارات کے صدر ابوظہبی کے بادشاہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پنجاب کے 3 اضلاع رحیم یار خان، راجن پور اور چکوال میں شکار کریں گے۔ سندھ کے 5 اضلاع سکھر، کھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور اور نواب شاہ میں شکار کریں گے۔

بلوچستان کے 7 اضلاع میں شکار کی اجازت طلب کی گئی ہے جن میں زوب، پسنی، اورماڑا، گوادر، خاران، پنجگور اور ضلع واشک شامل ہیں۔

ڈپٹی سپریم کمانڈر یو اے ای آرمڈ فورسز جنرل شہزادہ شیخ محمد بن زید النہیان صرف بلوچستان کے ضلع سبی کی تحصیل لہری میں شکار کریں گے۔ شہزادہ شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم پنجاب کے دو اضلاع مظفر گڑھ اور بہاولپور میں شکار کریں گے۔ شاہی خاندان کے فرد اور ویسٹرن ریجن کے صدر کے ترجمان شیخ ہمدان بن زید النہیان بلوچستان کی تحصیل لہری، بولان، اولڈ کچھی، سنی اور شوران جبکہ سندھ کے خیرپور ناتھن شاھ غیبی دیرو، شہداد کوٹ، خیرپور، جوہی اور فرید آباد میں شکار کریں گے۔ ہیڈ آف سینٹرل ملٹری کمانڈ ڈپٹی چیئرمین دبئی پولیس اینڈ پبلک سیفٹی میجر جنرل شیخ احمد بن راشد المکتوم جو شاہی خاندان کا رکن بھی ہے سندھ میں ضلع تھرپارکر، ضلع عمرکوٹ اور مٹھی کے علاقوں میں شکار کریں گے۔

یو اے ای کے شاہی خاندان کے رکن شیخ راشد بن خلیفہ المکتوم ضلع بدین، ضلع ٹھٹہ کے علاقے جنگ شاہی، دھابیجی ضلع ملیر میں شکار کریں گے۔ صدر کے مشیر اور یو اے ای کے شاہی خاندان کے فرد ڈاکٹر شیخ سلطان بن خلیفہ بن زید النہیان بلوچستان کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں شکار کریں گے۔ یو اے ای کے شاہی خاندان کے رکن میجر جنرہ شیخ المور بن مکتوم المکتوم بلوچستان کی تحصیل سمنگلی اور تحصیل پنج پائی ضلع کوئٹہ مین شکار کریں گے۔

قطر کے صدر اور شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 18 افراد کو شکار کے پرمٹ جاری کئے گئے ہیں۔ خط کے مطابق ریاست قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد التھانی پاکستان کے 3صوبوں پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں شکار کریں گے۔ جن میں پنجاب کا ضلع جھنگ، پنجاب کا ضلع قلات اور سندھ کے ضلع ڈیپلو اور ضلع تھرپارکر کے اسلام کوٹ میں بھی شکار کریں گے۔

قطر کا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز التھانی سندھ کے ضلع جیکب آباد میں شکار کریں گے۔ قطر کے امیر کے والد شیخ حماد بن خلیفہ التھانی پنجاب کے ضلع خوشاب میں شکار کریں گے۔ قطر کے نائب وزیر اعظم اور امیر کے مشیر شیخ محمد بن خلیفہ التھانی بلوچستان کے ضلع لورالائی میں شکار کریں گے۔ قطر کے امیر کے بھائی شیخ جاسم بن حماد التھانی بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں شکار کریں گے۔

قطر کے شاہی خاندان کے فرد شیخ فیصل بن نصیر بن حما التھانی کو شکار کے لئے بلوچستان کا ضلع تربت/ کیچ الاٹ کیا گیا ہے۔ شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے رکن علی بن عبداللہ تھانی جاسم التھانی بھی بلوچستان کا ضلع تربت/ کیچ میں شکار کریں گے۔ قطر کے سابق امیر کا چھوٹا بھائی شیخ فلاح بن جاسم بن جابر التھانی بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں شکار کرے گا۔ قطر کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والا شیخ ڈاکٹر فہد بن عبدالرحمٰن بن حماد التھانی سندھ کے ضلع تھرپارکر کی تحصیل چھاچھرو اور ڈاھلی میں شکار کریں گے۔ شاہی خاندان کے فرد شیخ جاسم بن فیصل بن قاسم بن فیصل التھانی پنجاب کے ضلع بہاولنگر میں شکار کریں گے۔ قطر کے شاہی خاندان کے فرد شیخ محمد بن فیصل ٹی جے التھانی بلوچستان کے ضلع قلع سیف اللہ میں شکار کریں گے۔

بحرین کے شاہی خاندان کے فرد شیخ خالد بن راشد بن عبداللہ الخلیفہ سندھ کے ضلع ٹنڈو محمد خان میں شکار کریں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں