سندھ میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کے لئے ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز

0
63

کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے محکمہ ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈپارٹمنٹ میں اساتذہ کے تبادلوں اور تعیناتی کے لئے سندھ کابینہ سے منظور شدہ ای ٹرانسفر پالیسی کا آغاز کردیا۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو،  ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی تحسین فاطمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سید محمد فرخ وارثی، پرویز علی تونیو اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر تعلیم و محنت سندھ نے سندھ اسکولز انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم (SSIMS) کا افتتاح کرتے ہوئے اسے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ای پورٹل پالیسی کے تحت اب اساتذہ کے تبادلے و تقرری کے لئے انہیں دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ ای پورٹل کے ذریعے اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر اپنی درخواستیں دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ کوووڈ کے باعث اس سال اس پالیسی کا آغاز 6 جولائی سے کیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال سے یہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوگا اور ہر سال 15 روز کے لئے اس پالیسی کے تحت اساتذہ اپنا تبادلہ کروا سکیں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت تین زونز بنائیں گئے ہیں۔ ایک ریڈ زون، دوسرا گرین اور تیسرا یلو (پیلا) زون ہوگا۔ صرف ریڈ زون کے اساتذہ ہی اپنا تبادلہ گرین زون میں کروا سکیں گے جس کی وجہ ریڈ زون میں اساتذہ طلبہ کے مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہونا ہے۔

 سعید غنی نے کہ کہ یلو (پیلا)زون میں اساتذہ مقرر کردہ تناسب کے تحت ہوں گے اور وہاں سے وہ ریڈ زون میں نہیں جاسکیں گے البتہ وہ گرین زون میں اس وقت جا سکتے ہیں جب ریڈ زون سے اساتذہ اس زون میں اپنا تبادلہ کروائیں گے اور یہاں پر تعداد مقرر کردہ تناسب سے زیادہ ہوجائے۔ جبکہ گرین زون میں اساتذہ کی تعداد مقرر شدہ تناسب سے کم ہے اس لیے ریڈ زون والے اساتذہ اس زون میں باآسانی اپنا تبادلہ کروا سکیں گے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ اساتذہ کے تبادلہ ہر سال تعلیمی سال کے آغاز سے قبل ہوں گے اور اس کے لئے مقرر کردہ وقت 15 یوم ہوگا اس کے بعد پورا سال اس کا تبادلہ نہیں ہوسکے گا۔البتہ ریڈ زون کے اساتذہ کا تبادلہ گرین زون میں پورے سال کے دوران کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ssims.sindheducation.gov.pk کے لنک کو استعمال کرکے اس پر اپنا اکاؤنٹ بنا سکتے ہیں اور اس کے ذریعے اپنی درخواستیں بھیج سکتے ہیں۔ سعید غنی  نے کہا کہ اس پالیسی کی سندھ کابینہ سے منظوری کے بعد اس کو نافذ کیا جارہا ہے اور اس پالیسی سے اب جہاں اساتذہ کو اپنے تبادلوں اور تقریروں کے لئے دفاتر کے چکر لگانے سے راحت ملے گی وہاں ان اسکولز میں جہاں اساتذہ کی کمی ہے وہاں پر اساتذہ کی کمی کو پورا کیا جاسکے گا۔

 سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی سال سے قبل تبادلہ کی درخواستیں طلب کرنے کا مقصد دوران تعلیمی سال بچوں کو استاد کے تبادلہ کے باعث پڑھائی میں پڑنے والے خلل سے نجات دلانا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں