سربراہ پاک فضائیہ کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

0
77

اسلام آباد: سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے آج سری لنکن فضائیہ کے  ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔ سری لنکن فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ ائیر چیف نے سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ائیر مارشل سدرشنا کاراگودا پاتھیرانا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ائیر چیف نے کہا کہ کمانڈر سری لنکن فضائیہ کی پاکستان میں تربیت پاک فضائیہ کے لئے قابل فخر بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح  افواج بالخصوص فضائی افواج کے مابین مظبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ کمانڈر سری لنکن فضائیہ نے بھرپور تعاون پر ائیر چیف کا شکریہ ادا کیا اور باہمی پیشہ وارانہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے سری لنکن فضائیہ کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلے میں سری لنکن فضائیہ کی کٹیانائیکے بیس پر منعقد ہ پریڈ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ائیر چیف نے سری لنکن فضائیہ کو اپنی قوم کی 70 سالہ خدمات پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نمبر 5  فائیٹر اسکواڈرن اور نمبر 6 ہیلی کاپٹر اسکواڈرن کو پریزیڈنٹ کلرز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

 بعد ازاں، ائیر چیف نے ”آئیرن ونگز آف گلوری“ کے عنوان پر ایک کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت بھی کی۔ سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجہ پکسا نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کو کتاب کی ایک جلد بھی پیش کی۔ کتاب میں خطہ بحر ہند کے تناظر میں ائیر پاور کے ارتقاء اور سری لنکن فضائیہ کی دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ائیر چیف نے اس موقع پر اعلیٰ سول اور فوجی حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں