ایف بی آر کی ٹیکس پیئرز سےگوشوارے داخل کرنے اور اے ٹی ایل میں شامل ہونے کی ہدایت

0
22

کراچی: فیڈ رل بورڈ آف ریونیو نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ ٹیکس سال 2020 کے لئے انکم ٹیکس گوشوارے وصول ہونے میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ 8 دسمبر 2020 تک 17 لاکھ 68ہزار ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کئےگئے تھے جن کے ساتھ تریبا” 22 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا تھا۔ 4 جنوری تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 23 لاکھ 16 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس ضمن میں گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 43.6ارب روپے اکھٹا ہوا ہے۔
پچھلے سال اس عرصہ میں 21 لاکھ 81 ہزار گوشوارے جمع ہوئے اور ادا شدہ انکم ٹیکس 28ارب روپے تھا۔ اس طرح اس سال ادا شدہ انکم ٹیکس میں 55 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقررہ تاریخ یعنی 8 دسمبر کے بعد داخل ہونے والے گوشواروں کی تعداد 5 لاکھ 47 ہزار کے قریب ہے اور ان کے ساتھ جمع ہونے والا ٹیکس بھی تقریبا” 22 ارب روپے ہے۔
ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کو دیئے گئے سہولتی اقدامات کی بدولت انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہو اہے۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے کہا کہ یکم مارچ کے بعد ایکٹیو ٹیکس پئر لسٹ جاری کر دی جائے گی جس میں وہی لوگ شامل ہو سکیں گے جنہوں نے ٹیکس سال 2020 کا گوشوارہ جمع کروا دیا ہوگا۔ اے ٹی ایل میں موجود ہونے کی صورت میں بہت سے فوائد حاصل ہو جائیں گے ۔ جن میں سب سے قابل ذکر یہ ہے کہ اکثر معاشی معاملات میں فائلرز کے سلسلے میں ٹیکس ودہولڈ کیا ہی نہیں جائے گا جبکہ بہت سے دوسرے معاشی معاملات میں ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح نان فائلرز کے مقابلے میں آدھی رہ جائے گی۔ اس کے علاوہ فائلر حضرات ٹیکس چوری کی ممکنہ کاروائی سے بھی محفوظ رہیں گے۔یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گزری ہوئی مقررہ تاریخ کے بعد ریٹرن فائل کرنے میں جتنا وقت زیادہ لیا جائے گا جرمانے کی مد میں اسی شرح سے اضافہ بھی ہوتا چلا جائے گا۔
ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ہی اپنے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کریں اور مارچ کے بعد جاری ہونے والی اے ٹی ایل میں شامل ہونے کا فائدہ اٹھائیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں