عوامی نیشنل پارٹی کا راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنانے کا مطالبہ

0
83

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے مطالبہ کیا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ سکینڈل کی شفاف تحقیقات کیلئے غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنائی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دراڑ انکی ناکام اور غریب کُش پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حکومتی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، آئے روز سکینڈلز پہ سکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔ اب انہیں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، عوام دیکھیں گے کہ کرپشن کی لازوال داستانیں جلد سامنے آئیں گے۔روز اول سے کرپشن چارجز سامنے آنے پر وزراء کے قلمدان تبدیل کئے گئے لیکن سزا نہیں دی گئی، احتساب کمیشن بھی اپنے ہی وزراء کو بچانے کیلئے ختم کی گئی۔ پی ٹی آئی میں دو نہیں کئی گروپس موجود ہیں، اگلے انتخابات میں عوام خود فیصلہ کریں گے کہ اصل عوامی حکمران کون ہیں۔ موجودہ حکمران روز اول سے اپنوں کو نوازنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کا صرف ایک ثبوت نگ روڈ کی شکل میں سامنے آیا ہے۔

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ پیراشوٹرز معاونین کے ذریعے ناکام حکومت اپنی نااہلی و ناکامی مزید نہیں چھپاسکتے۔ پاکستانی قوم پر ایسے شخص کو مسلط کیا گیا ہے جو اپنی کرسی بچانے کیلئے بلیک میل کرنیوالوں سے سمجھوتے کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی، آٹا، دوائی چوروں کو کیا سزا دی گئی؟ بی آر ٹی کرپشن پر کیوں حکم امتناعی لی گئی ہے؟ مالم جبہ اراضی سکینڈل کا کیا بنا؟رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کے نام پر اپنوں کو کلین چٹ دینے کی تیاری کی جارہی ہے جسے عوام کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں