گورنر اسٹیٹ بینک اور ایف پی سی سی آئی کے صدر کے مابین ملاقات

0
114

کراچی: ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں ناصر حیات مگوں نے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ہیڈ آفس کراچی میں ملاقات کی اور پاکستان کے کاروباری، صنعتی اور تجارتی برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جن میں سر فہرست کمرشل بینک سے قرضے کے حصول میں ملاقات اور  مانیٹری پالیسی کی زیادہ شرح سود تھے۔

میاں ناصر حیات مگوں نے کہا کہ پالیسی کی شرح سود 6 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے اور اگر اسٹیٹ بینک ملک میں کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا چاہتا ہے تو اسے 5 فیصد تک لایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خطے میں پالیسی سود کی شرح صرف تین سے چار فیصد ہے اور ہمیں ریجن میں مقابلہ کے قابل رہنا ہے۔ میاں ناصر حیات مگوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کیTERF اسکیم نے ایس ایم ایز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا اور صرف چند بڑی صنعتوں کو سہارا دیا گیا۔ انہوں نے کاروبار اور صنعت کے لیے زیادہ قرض دینے کی گنجائش کو پیدا کرنے کے لیے ٹی بلز کو کمرشل بینکوں کے لیے محدود کرنے پر بھی زور دیا۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو کاروباری برادری کے ساتھ بہتر اور موثر روابط پیدا کرنے چاہئیں کیونکہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کاروباری ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے مسائل سے پوری طرح واقف نہیں ہے۔ ناصر خان نائب صدر ایف پی سی سی آئی نے ایکسپورٹ انڈسٹری کے لیے تعاون کی کمی اور سرحدی تجارت کے لیے مایوس کن اعدادو شمار پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ دنیا کے بہت سے ممالک اپنی کل برآمدات میں سرحدی تجارت کا 75 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رضا باقر نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کواسٹیٹ بینک کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور ان پروگراموں اور دیگر اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کیں جو اسٹیٹ بینک نے کاروباری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کے عرصے میں پالیسی کی شرح کو 13 فیصد سے کم کر کے 7 فیصد کر دیا گیا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو 2 سال کے عرصے میں 10 بلین ڈالر بڑھا دیا گیا ہے اور یہ حقائق کاروباری برادری کو معاشی استحکام کے لیے اعتماد فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کاروباری برادری کو اعتماد دینا چاہتا ہے اور ساتھ ہی برآمدات اور جی ڈی پی گروتھ میں پائیدار ترقی حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہTERFا سکیم کے تحت 150 ارب روپے دیئے جا چکے ہیں اور کل  560 ارب روپے دیے جائیں گے۔مزید برآں، اسٹیٹ بینک ایف پی سی سی آئی کے ساتھ مزید مشاورت کرے گا اور ان کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ڈیجیٹل بینکوں کو لائسنس جاری کرے گا اوراسٹیٹ بینک کے ڈیجیٹلائزیشن پروگراموں کو نافذ کرنے کے لیے روایتی کمرشل بینکوں کو بھی ریگولیٹ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل 2000 ارب روپے حکومت پاکستان مختلف پروگراموں میں استعمال کرے گی تاکہ پاکستان کی معیشت پر کووڈ 19 کے اثرات کو ختم کیا جا سکے۔ سیما کامل، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بہت سے مالیاتی ڈیجیٹلائزیشن پروگرام مرحلہ وار اور پائیدار انداز میں شروع کیے جائیں گے جیسے Raast Bulk، P2P ٹرانزیکشنز اور P2M ٹرانزیکشنز وغیرہ۔ بینکنگ اور کریڈٹ مینجمنٹ پر ایف پی سی سی آئی کی مرکزی قائمہ کمیٹی کی کنوینر محترمہ لبنا بھیات نے کہا کہ کاروباری برادری FinTech میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے،کیونکہ یہ بینکنگ انڈسٹری کا مستقبل ہے۔ایف پی سی سی آئی ہائی پروفائل ایونٹ اور پرتپاک استقبال کے لیے ڈاکٹر رضا باقر اور اسٹیٹ بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کاروباری برادری کے لیے ٹھوس فوائد کے لیے مشاورت کو آگے بڑھانے کا منتظر ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں