آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کیلئے ‘اے ٹی ایم’ کا انتخاب کرلیا گیا

0
237

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے طویل گفت و شنید کے بعد ریاستی قانون ساز اسمبلی میں وزیراعظم کے منصب کے لئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور ایل اے 15 باغ سے نو منتخب ایم ایل اے سردار تنویر الیاس خان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔

 25جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مارتے ہوئے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی نے 11، مسلم لیگ ن نے 6، مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک، ایک نشست حاصل کی۔ نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 16 کے چار پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 29 جولائی کو ہوگی جس کے بعد مخصوص نشستوں کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ سرکاری نتائج کے اعلان کے بعد وزیرِاعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم کے نام پر تحریک انصاف کی قیادت اور اپنے قریبی رفقا سے مشاورت شروع کر دی ہے۔

 ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں آزاد کشمیر کے وزیرِاعظم کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، علی امین گنڈا پور ،سیف اللہ نیازی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے سردار تنویر الیاس خان ہاٹ فیورٹ قرار دیئے گئے جبکہ چوہدری انوارالحق بھی موزوں امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، وزیراعظم کے منصب کے لئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا نام بھی زیر غور آیا تاہم سردار تنویر الیاس خان کے نام پر اکثریت نے اتفاق کیا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس خان کے نام کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کا باضابطہ اعلان چند دنوں کے دوران وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔

سردار تنویر الیاس خان سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم وزیراعظم عمران خان جس کو چاہیں گے وہی وزیراعظم آزاد کشمیر بنے گا اور پارٹی کے تمام اراکین وزیراعظم کے فیصلے کو بخوشی قبول کریں گے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر انتخابات میں تحریک انصاف کی فتح پر پاکستان کے عوام پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور سپورٹر کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور ملک کے منتخب وزیراعظم عمران خان پر آزاد کشمیر اور پاکستانی عوام نے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، تحریک انصاف کی نو منتخب حکومت اللہ کے فضل سے کشمیری قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں