میڈیا ورکرز کو رات 8 بجے کے بعد باہر نکلنے کی پابندی سے استثنی دیا جائے، کراچی یونین آف جنرلسٹ

0
65

کراچی: کراچی یونین آف جرنلسٹس نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے کی پابندی سے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو استثنی دینے کا اعلان کرے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر نظام الدین صدیقی اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبارات سمیت نیوز چینلز میں کام کرنے والے صحافی اور دیگر میڈیا ورکرز عموما رات گئے اپنے دفاتر سے گھروں کو واپس لوٹتے ہیں جبکہ میڈیا کی ٹیمیں بھی کوریج کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں جاتی ہیں۔ وزیراعلی سندھ کی جانب سے رات 8 بجے کے بعد جس پابندی کا اعلان کیا گیا ہے اس کے بعد رات گئے گھروں کو واپس جانے والے یا نیوز چینلز میں شفٹوں میں کام والے میڈیا ورکرز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہیلتھ ورکرز کی طرح صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بھی فرنٹ لائن ورکر کے طور پر اس پابندی سے استثنی دیں تاکہ انہیں اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 کے یو جے نے آئی جی سندھ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی پولیس کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کریں کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ان کی جانب سے شناخت ظاہر کیے جانے کے بعد پریشان نہ کیا جائے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں