وزیر خارجہ، ترک وزیر خارجہ کی دعوت پر، دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

0
29

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی،ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کی دعوت پر ،دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے۔

استنبول ہوائی اڈے پر ڈپٹی گورنر استنبول کمال عنان، ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائیرس قاضی اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔

وزیر خارجہ کی دورہ ء ترکی کے دوران، ترک صدر رجب طیب اردگان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ وزیر خارجہ ترکی میں، ترک ہم منصب میولوت چاوش اوغلو کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، معاشی، تہذیبی و دفاعی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ ترکی میں منعقدہ سہ فریقی اجلاس میں شریک ہوں گے اور اس اجلاس میں افغان امن عمل،امریکہ کی جانب سے، افغانستان سے افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوگی۔

وزیر خارجہ ترکی میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے بات چیت کریں گے جس میں پاک ترک تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ،مغرب میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔ وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی اہم کڑی ہے۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورے سے جہاں دو طرفہ تعلقات وسعت پذیر ہوں گے وہاں افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر اتفاق رائے کا موقع میسر آئے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں