وزیرِ اعظم کی زیر صدارت راوی اربن سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے حوالے سے اجلاس

0
196

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت راوی اربن سٹی اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے اجلاس۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) انور علی حیدر، سی ای او راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اور سینیر افسران شریک تھے۔

اجلاس میں ان دونوں کلیدی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیفائر-بے میں ترقیاتی کام اگلے ہفتے کنٹریکٹ کے اجراء کے بعد جلد شروع کر دیا جائے گا۔ انڈسٹریل زون کے حوالے سے منظوری کا عمل بھی جون میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد انفراسٹرکچر کی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

راوی سٹی میں اقراء یونیورسٹی، UMT اور ISC اپنے کیمپسز قائم کریں گے۔ اقراء یونیورسٹی نے اپنے کیمپس کے ساتھ ساتھ ہسپتال کی تعمیر میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اجلاس کو راوی سٹی میں واسا کے تین واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹس کی منتقلی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمینٹ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی بریفنگ دی گئی۔

شرکاء کو جوڈیشل واٹر کمیشن کی جانب سے اینوائر نمینٹل پروٹیکشن ایجنسی کو راوی سٹی منصوبے کے لئے منظوری کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

شرکاء کو مقامی لوگوں کے لئے راوی سٹی منصوبے کی افادیت کے حوالے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ منصوبے میں مقامی آبادی کے لئے ملازمتوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک لاکھ مقامی خاندانوں کو اس منصوبے سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ علاج معالجے کے حوالے سے مقامی افراد کو علاج کے اخراجات میں 50 فیصد رعایت میسر ہوگی۔

وزیر اعظم نے پانی کی کمی اور خصوصا لاہور جیسے بڑے شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹ  کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے اور واٹر ٹریٹمینٹ پلانٹس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم نے واٹر ٹریٹمینٹ اور ویسٹ واٹر ڈسپوزل کےضمن میں ایک مربوط اور جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہری آبادی کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ زرعی مقاصد کے لئے بھی اضافی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس کو سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے میں نیلامی کا عمل جولائی 2021 کے پہلے ہفتے میں شروع کر دیا جائے گا۔ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبے کے حوالے سے بورڈ قائم ہو چکا ہے، نیسپاک اور ایف ڈبلیو او سے ڈیزائن کے حوالے سے معاونت جاری ہے اور ترقیاتی کام کا آغاز اگلے ہفتے سے کیا جا رہا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں