کراچی: مقتول ناظم الدین جوکھیو قتل کیس کی ابتدائی نامکمل رپورٹ معزز عدالت میں پیش کردی گئی۔
میڈیکل رپورٹ میں مقتول ناظم الدین جوکھیو کی موت کسی بھی فوڈ پوائزن کی وجہ سے یا طبعی موت نہیں ہے۔ ناظم الدین جوکھیو کی موت انتہائی بے دردی سے تشدد کرنے کی وجہ سے واقع ہوئی ہے۔
سندھ فارنزک سیرالوجی اینالس رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ جام ہائوس کے ٹارچر سیل سے برآمد رضائی، تکیہ اور پھٹوں سے مقتول کے بلڈ کے نشانات ملے ہیں۔
انوسٹی گیشن آفیسر سراج احمد لاشاری کا عدالت کو بتانا تھا کہ ابھی تک فارنزک رپورٹ اور ڈی وی آر رپورٹ موصول نہیں ہوئی اور ملزمان کے زیر استعمال گاڑی جس میں مقتول ناظم الدین جوکھیو کو اغوا کرکے جام ہائوس لے جایا گیا تھا اس کا پتا لگا لیا ہے۔ دو ملزمان کی لوکیشن آئوٹ آف کنٹری ملی ہے جس کے لیے متعلقہ اداروں ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن کو لیٹر ارسال کردئیے ہیں۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے بہت جلد مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے معزز عدالت میں پیش کریں گے۔ فائنل رپورٹس آنے تک اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے وقت چاہیے۔
معزز عدالت نے ضمانت قبل ازگرفتاری کے ملزمان کی کنفرمیشن تاریخ آئندہ سماعت 16دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔