کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات ہوتے تو 100 فیصد وہاں کی حکومت پیپلز پارٹی ہی بناتی، سعید غنی

0
60

لندن: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات ہوتے تو 100 فیصد وہاں کی حکومت پیپلز پارٹی ہی بناتی۔ اب جبری طور پر کشمیریوں پر پی ٹی آئی کو بٹھا دیا گیا ہے اس لئے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو پی ٹی آئی کی نحوست سے بچائے کیونکہ انہوں نے پاکستان میں بھی اپنی نالائقی اور نااہلی سے نحوست پھیلائی ہے۔ جب بھی عوام کو آزادی سے ووٹ ڈالنے کا موقع ملتا ہے وہاں وہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ پاکستان کی انتخابی سیاست کو آزاد چھوڑ دیں تو پاکستان پیپلز پارٹی سے بڑی سیاسی جماعت اس ملک میں اور کوئی نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے خلاف کشمیر کا انتخاب ہو یا عام انتخابات ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سازش کرتی آئی ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پی ڈی ایم میں بھی کچھ حکومتی سہولت کار بیٹھے ہوئے ہیں، جو پی ٹی آئی کی حکومت کو مستحکم بنانے اور ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک کو کمزور کرنے کے لئے کام کررہی ہیں۔ الیکٹرونک مشین سے پولنگکا مطالبہ اس وقت انتخابات میں دھاندلی کو آسان کرنے کے لئے کیا جارہا ہے، ہمارے الیکشن کمیشن کے قوانین پر عمل درآمد اور انتخابات میں بیرونی مداخلت کو روک کر ہم صاف و شفاف انتخابات کے متحمل ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں گلوبل ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کے بعد پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی برطانیہ کے عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ میں لندن گلوبل ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کے لئے آیا تھا اور یہاں وفاقی وزیر تعلیم اور دیگر صوبوں کے وزراء تعلیم بھی ساتھ تھے۔ یہ کانفرنس ایک کامیاب تعلیمی کانفرنس رہی اور اب چونکہ اس کانفرنس کے بعد یہاں موجود تھا تو پارٹی کے رہنماؤں اور یہاں رہنے والے پاکستانیوں اور پیپلز پارٹی کے جیالوں سے بھی مل رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی ایک ہفتہ کشمیر کی انتخابی مہم میں گزارا،  میں نے ان حلقوں میں آصفہ بھٹو زرداری، فریال ٹالپور اور یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ بھی وہاں الیکشن مہم میں ساتھ رہا۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نظریاتی سپورٹ کشمیر، گلگت بلتستان میں ابھی سے نہیں ہے بلکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو صاحب کے دور سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات ہوتے تو 100 فیصد وہاں کی حکومت پیپلز پارٹی ہی بناتی۔ لیکن جو انتخابات ہوئے وہ سب کے سامنے ہے اور پیپلز پارٹی کو مکمل طور پر ہرانے کے لئے بھرپور کوشش کی گئی اس کے باوجود ہم نے 11 نشستیں حاصل کی او رہم پر جبری طور پر پی ٹی آئی کو مسلط کیا گیا۔

 انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اب پی ٹی آئی کی نحوست سے کشمیریوں کو بچائے اس لئے کہ جو تباہی انہوں نے پاکستان میں پھیلائی ہے امکان یہی ہے کہ وہ کشمیر میں بھی اپنی نالائقی اور نااہلی سے تباہی پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے نتائج کو روکا گیا اور بعد میں انہیں ہرایا گیا اور وہاں سے ان امیدواروں کے دوبارہ گنتی کے حق سے بھی ان کو محروم رکھا گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں