پاکستان میں آج سب کچھ معمول کے مطابق اچھا رہا

0
98

کراچی (سٹائر نیوز) پاکستان کے کسی بھی شہر میں آج حسب معمول کسی بھی قسم کی کوئی واردات نہیں ہوئی سوائے ایک دو تلخ کلامی کے واقعات کے جن میں بھی قصوروار نے تھوڑی سی لعیت و لعل کے بعد فریق ثانی سے غیر مشروط معافی مانگ کر معاملہ ختم کردیا۔

ہمارے نامہ نگاران کے مطابق آج پاکستان کی تمام عدالتوں میں کوئی بھی کیس داخل نہیں کیا گیا کیونکہ ملک میں کہیں بھی کوئی جرم سرزد ہی نہیں ہوا جبکہ کسی بھی عدالت میں کوئی بھی مقدمہ زیر التواء نہ ہونے کے باعث عدالت کا تمام عملہ اوقات کار کے خاتمے تک کسی بھی نئی شکایت کا بے چینی سے انتظار کرتا رہا۔

ہمارے نمائندگان کے مطابق تمام سرکاری دفاتر میں آج جمع کرائی گئی درخواستیں ڈیوٹی پر مامور ایماندار، محنتی اور قابل افسران اور عملے نے موقع پر ہی نمٹادیں اور جو درخواست گزار گھر واپس چلے گئے تھے ان کے گھر جاکر انہیں خدمات فراہم کیں۔

واضح رہے کہ کسی بھی دفتر میں کوئی بھی درخواست التواء میں نہیں ہے۔

آخری اطلاعات آنے تک آج تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں منافع خوری کا کوئی واقعہ نہیں ہوا بلکہ پہلے سے ہی نہایت سستی اور معیاری اشیاء مزید سستی کردی گئیں اس کے باوجود کسی قسم کی کوئی افراتفری نہیں ہوئی کیونکہ خریداروں کے بقول ان کے گھروں میں نعمت خانے اور فرج پہلے سے ہی لبالب بھرے ہوئے ہیں۔

یہ بھی دیکھا گیا کہ مقننہ، عدلیہ، انتظامیہ کے تمام ادارے بشمول عسکری اداروں کے اپنے اپنے فرائض کسی دوسرے ادارے میں مداخلت کے بغیر سر انجام دیتے رہے اور ہر طرف موافقت و ہم آہنگی کا دور دورہ رہا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں