کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ فواد چوہدری زرداری فیملی کے خلاف بیان درازی کر کے اپنا سیاسی قد بڑھانے کی کوشش کر دہے ہیں اور زرداری صاحب کے خلاف بات کرکے فواد چوہدری نوکری پکی کر رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ ایک انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی صلاحتیوں سے وفاق نہ صرف پریشان ہے بلکہ خوف زدہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف وفاق سازشیں کر رہا ہے ہمیں سب معلوم ہے اور فواد سندھ حکومت سے این ایف سی کے تحت دیئے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ ہاں، یہ سندھ اسمبلی کو حق ہے کہ سندھ حکومت سے پائی پائی کا حساب لے اور یہ حساب سندھ حکومت اسمبلی میں دیتی ہے۔ وفاقی وزیر شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو کہ رہے تھے۔ فواد چوہدری پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں اور فواد کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کے خلاف سازشیں کرتے ہیں وہ سب جانتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ پنجاب نے غیرقانونی طور پر چشمہ جہلم کینال کھول کر سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا ہے اور فواد چشمہ جہلم کینال کھولنے کا جواب دیں۔ پانی نگرانی کرنے اور منصفانہ تقسیم کرنا ارسا کا کام ہے اور وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنے دے اور انکے معاملات میں ٹانگ اڑانا بند کرے اور فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں۔ وفاقی حکومت نے جو غیرقانونی فنڈز اپنے سندھ کے ایم پی ایز کو دیئے ہیں انکا حساب دیں۔