پی ڈی ایم کا اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان، شہباز شریف نے بھی حمایت کردی

0
58

کراچی: اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا کراچی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جعلی حکمرانوں کے تین سالوں نے پاکستانی ریاست کو غیر محفوظ ریاست بنادیا ہے، موجودہ حکمرانوں نے پاکستانی قوم کو غیر محفوظ قوم بنادیا ہے، آج دنیا آگے بڑھ رہی لیکن پاکستان پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب جلسے بھی ہوں گے، روڈ کاررواں بھی چلیں گے اور اسلام آباد کی طرف مارچ بھی ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر اس مودی کو بیچ دیا گیا جو تمھارا فون بھی نہیں سنتا تھا، اس وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کا اعلان کیا، اسے کشمیر پر ریاست کا موقف بھی معلوم نہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے امریکیوں کو اسلام آباد لانے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے امریکا کے لیے اسلام آباد اور کراچی کے تمام ہوٹل کھول دیے۔۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قائدین نے ملکی حالات، سیاست کے ہر پہلو سے عوام کو آگاہ کیا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ محرم کا مہینہ یہ ہی بتاتا ہے کہ یزید کے ہاتھوں پر بیعت نہیں کرنی، ایسی صورت حال میں خاموش تماشاہی نہیں رہ سکتے، یہ ناجائز حکومت ہے اس کو کوئی عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں، آج ہماری معیشت جمود کا شکار ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو کہاں پہنچا دیا ہے؟ لوگو! اٹھو، انقلاب لاؤ، انقلاب کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ فضل الرحمان نے مزید کہا کہ معیشت کمزور ہو تو کامیاب خارجہ پالیسی نہیں بن سکتی، نواز شریف نے سی پیک کا افتتاح کیا، کام شروع ہوا تو عالمی قوتوں کو برداشت نہیں ہوا، ہم نے چین سے کہا کہ پاکستان کے راستے سے دنیا کے ساتھ تجارت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معاشی ترقی کی بنیاد رکھی، چین کی 70 سال کی دوستی کو معاشی دوستی میں تبدیل کیا۔ فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کبھی کبھی نمائش کرنے کے لیے امریکا کے خلاف ایک دو جملے بھی کہہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کی معشیت کو برباد کردیا آج پاکستان تنہائی کا شکار ہے، عمران خان سے اڈے مانگے کس نے ہیں؟۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عمران خان کو کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا ریاستی موقف بھی نہیں پتا، مودی عمران خان کا فون اٹھانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت، کشمیر میں لوگوں کا ووٹ چوری کر کے پی ٹی آئی کو دیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں لاکھوں کا سمندر لے کر اسلام آباد جانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم کو موقع ملا تو پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے، عمران خان لوگوں سے نوکریاں اور گھر چھین رہے ہیں، عمران خان اپنے گھر سے ہیلی کاپٹر پر دفتر جاتے ہیں ، 350 کنال کے محل میں بیٹھ کر ریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہیں، بنی گالا میں بیٹھے ہوئے شخص کو کیا معلوم کہ غریب کی حالت کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے آج تک رقم نہیں دی، جھوٹے وعدوں پر ٹرخایا جارہا ہے، کراچی کا امن نواز شریف نے لوٹایا، آج کراچی میں بھتہ خوری ختم ہوگئی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلاول نے بتایا تھا کہ سندھ حکومت نے 700 ارب کا اعلان کیا ہے۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان نے 2019 میں 162 ارب روپے کا اعلان کیا، بعد میں عمران نیازی نے کراچی کے لیے 1100 ارب روپے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج عمران خان نیازی دن رات جھوٹ بولتا ہے، یہ وہی شخص ہے جو کنٹینر پر کہتا تھا کہ روپیہ گر جائے تو وزیراعظم کرپٹ ہے، اب بتائیں، کیا آٹا سستا ہوا، کیا بجلی سستی ہوئی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بنی گالا تک آواز جانی چاہیے، عمران خان ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، 350 کنال کے گھر پر بیٹھ کر ریاست مدینہ کی بات کرنا، اس سے بڑی خطا نہیں ہوسکتی۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ شخص آج کس طرح قوم کو گمراہ کر رہا ہے، لاکھوں نہیں کروڑوں لوگ مہنگائی سے تباہ حال ہیں، عمران خان کو کیا پتہ محل میں رہتا ہے، ہیلی کاپٹر سے دفتر جاتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں