ملتان: وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی صدارت میں رات گئے سرکٹ ہاوس ملتان میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال خصوصا ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں اعضاء کاٹ کر 2افراد کے قتل کے واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلی عثمان بزدار کو سفاکانہ واقعہ کے بارے ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلی عثمان بزدار کا بربریت کا مظاہرہ کرنے والے درندوں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث سفاک قاتل قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اور وسائل بروئے کار لانے جائیں ۔ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انصاف فراہم کرنے کےلئے آخری حد تک جائیں گے ۔وزیر اعلی عثمان بزدار کا مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب،انسپکٹر جنرل پنجاب ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ،ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب،کمشنر ڈیرہ غازی خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان،ڈی پی او ڈیرہ غازی خان اور متعلقہ حکام کی اجلاس میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے امن عامہ بارے وزیر اعلی پنجاب کو بریفننگ دی۔